اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اگست2026ء) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کی چیمپئن فرنچائز پشاور زلمی نے ایک اور اہم اعزاز اپنے نام کر لیا، پاکستان سپر لیگ کی جانب سے جاری کیے گئے ٹیم ویورشپ رینکنگ کے مطابق پشاور زلمی مسلسل دوسرے سال لیگ کی سب سے زیادہ دیکھی جانے والی فرنچائز قرار پائی ہے ۔پشاور زلمی نے اس کامیابی پر اپنے آفیشل سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اظہارِ تشکر کیا ۔ فرنچائز نے اپنے پیغام میں کہا کہ مسلسل دوسرے سال سب سے زیادہ دیکھی جانے والی ٹیم بنانا زلمی فیملی کے لاکھوں مداحوں کی محبت، اعتماد اور غیرمتزلزل حمایت کا نتیجہ ہے۔ پشاور زلمی کے مطابق یہ کامیابی صرف ٹیم کی نہیں بلکہ پورے Yellow Stormکی ہے، جبکہ یہی حقیقی معنوں میں Rise of Zalmi کی عکاسی کرتا ہے۔ پی ایس ایل کی جاری کردہ رینکنگ کے مطابق پشاور زلمی پہلے نمبر پر رہی، جبکہ دوسرے نمبر پر حیدرآباد کنگزمین، تیسرے پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، چوتھے پر کراچی کنگز، پانچویں پر اسلام آباد یونائیٹڈ، چھٹے پر لاہور قلندرز، ساتویں پر راولپنڈیز اور آٹھویں نمبر پر ملتان سلطانز رہے۔ اس موقع پر پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی نے بھی اپنے خصوصی پیغام میں اس کامیابی کو صرف ایک اعزاز نہیں بلکہ برسوں سے جاری وڑن کی توثیق قرار دیا۔جاوید آفریدی نے کہا کہ پی ایس ایل 11 کا ٹائٹل جیتنے اور ایک بار پھر لیگ کی سب سے زیادہ دیکھی جانے والی فرنچائز بننے سے ثابت ہوتا ہے کہ پشاور زلمی کا وڑن ہمیشہ کرکٹ سے بڑھ کر رہا ہے۔ ان کے مطابق پشاور زلمی کو صرف ایک کرکٹ ٹیم نہیں بلکہ امید، مقصد اور نئی نسل کو متاثر کرنے کے جذبے کے ساتھ تعمیر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اعزاز ہر اس مداح کے نام ہے جس نے زلمی کا ساتھ دیا، ہر اس پارٹنر کے نام ہے جس نے اس سفر پر اعتماد کیا، ہر اس کھلاڑی کے نام ہے جس نے زلمی کی جرسی کو فخر سے پہنا، اور زلمی فیملی کے ہر رکن کے نام ہے جس نے ایک خواب کو ایک تحریک میں بدل دیا۔جاوید آفریدی نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ پشاور زلمی مستقبل میں بھی کرکٹ انفراسٹرکچر کی ترقی، نوجوان ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی اور کھیل کے ذریعے معاشرے پر مثبت اثرات مرتب کرنے کے مشن کو مزید آگے بڑھاتی رہے گی۔ واضح رہے کہ پشاور زلمی گزشتہ کئی برسوں سے صرف میدان کے اندر ہی نہیں بلکہ برانڈ ویلیو، ڈیجیٹل موجودگی، سوشل میڈیا انگیجمنٹ، فین بیس اور میڈیا ریچ کے اعتبار سے بھی پاکستان سپر لیگ کی نمایاں اور مقبول ترین فرنچائزز میں شمار ہوتی رہی ہے۔ پی ایس ایل 11 میں چیمپئن بننے کے بعد ویورشپ میں بھی مسلسل دوسرے سال پہلی پوزیشن حاصل کرنا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پشاور زلمی کی مقبولیت اور مداحوں کا اعتماد بدستور قائم ہے۔