کراچی (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین  19نومبر 2026) پیپلز پارٹی کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں شاہزیب خانزادہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا گیا کہ اتنی ہشیاری اچھی نہیں۔  پارٹی نے دعویٰ کیا کہ جہاں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جیو نیوز اور شاہزیب خانزادہ کے کردار پر بات کی، وہاں شاہزیب خانزادہ نے بلاول بھٹو کی آواز کو آہستہ کرکے اپنی آواز کو بلند کردیا تاکہ اصل گفتگو عوام کے سامنے نہ آسکے۔ پیپلز پارٹی نے اس عمل کو صحافتی بددیانتی پر مبنی واردات قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس معاملے کی باریکیاں سمجھنے کے لیے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے آن ایئر ہونے والے مکمل انٹرویو اور متعلقہ کلپ کا ملاحظہ کیا جائے۔ ایک اور ٹویٹ میں پیپلز پارٹی نے دعویٰ کیا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے خون بہنے کے خدشے کا اظہار کیا تھا، جس پر شاہزیب خانزادہ نے سوال کیا کہ آپ خون بہانے کی بات کر رہے ہیں۔ پارٹی کے مطابق سوال میں اس طرح کی ہیر پھیر پر بلاول بھٹو نے شاہزیب خانزادہ سے کہا کہ آپ مسلم لیگ ن کے ٹاکنگ پوائنٹس کو بیان نہ کریں، تاہم شاہزیب خانزادہ نے یہ جملہ ہی کاٹ دیا۔ شاہزیب خانزادہ کی ٹیکنکل سنسرشپ کو سامنے لاتے ہوئے آئینہ دکھایا تو کاپی رائٹ کا دعوی کرکے جیو نیوز نے ویڈیو بلاک کردی!ویڈیو میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے انٹرویو کے دوران شاہزیب خانزادہ کی صحافتی بددیانتی کو سامنے لاتے ہوئے یہ دکھایا گیا تھا کہ کیسے مہمان کی آواز کو دھیما… pic.twitter.com/uBjAGWMVQf— PPP (@MediaCellPPP) November 19, 2026 پیپلز پارٹی نے مزید کہا کہ شاہزیب خانزادہ کو ایک کیس نمبر 10 بھی لکھنا چاہیے، جس میں بتایا جائے کہ کس طرح آزادی اظہار رائے کے علمبردار ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے دوسروں سے رائے کی آزادی چھینی جاتی ہے۔ ایک اور ٹویٹ میں پیپلز پارٹی نے دعویٰ کیا کہ شاہزیب خانزادہ کی مبینہ ٹیکنیکل سنسرشپ کو سامنے لانے والی ویڈیو کو جیو نیوز نے کاپی رائٹ کا دعویٰ کرتے ہوئے بلاک کروا دیا۔ پارٹی کے مطابق ویڈیو میں انٹرویو کے دوران بلاول بھٹو زرداری کی آواز دھیمی اور شاہزیب خانزادہ کی آواز بلند کرنے کے معاملے کو اجاگر کیا گیا تھا، تاہم مختلف پلیٹ فارمز پر ویڈیو شیئر کیے جانے کے بعد جیو نیوز کی ٹیم کاپی رائٹ کا دعویٰ کرکے اسے ہٹوا رہی ہے۔ واضح رہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے گزشتہ روز جیو نیوز کے پروگرام میں شاہزیب خانزادہ کو انٹرویو دیا تھا، جس کے دوران اینکر کے سوالات کے بعد بلاول بھٹو نے لائیو انٹرویو میں جیو نیوز کے کردار کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ اس گفتگو کے بعد پیپلز پارٹی نے متعدد ٹویٹس کے ذریعے انٹرویو کی آڈیو، گفتگو کے انداز اور ویڈیو بلاک کیے جانے پر اعتراضات اٹھائے ہیں۔