لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اگست2026ء) ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پاکستان ریلوے لاہور انعام اللہ نے دریائے راوی میں پانی کی موجودہ صورتحال اور ریلوے انفراسٹرکچر کی حفاظت کے پیش نظر بذریعہ موٹر ٹرالی راوی برج کا تفصیلی دودہ کیا۔ انہوں نے برج پر پانی کے بہائو، حفاظتی انتظامات اور فلڈ مانیٹرنگ کے نظام کا جائزہ لیا۔ دورے کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ اتوار کے روز دریائے راوی میں پانی کا بہائو تقریبا 18 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا جبکہ یکم اگست کو یہی بہا ئو28 ہزار کیوسک تھا۔ ڈی ایس ریلوے نے کہا کہ اس وقت دریائے راوی میں پانی کا بہائو معمول کے مطابق ہے تاہم کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری اور مسلسل نگرانی ناگزیر ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران اور فیلڈ عملے کو ہدایت کی کہ راوی ریلوے برج کی 24 گھنٹے مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے، تمام واٹر ویز کھلے رکھے جائیں، برجز کا خیال رکھا جائے۔انعام اللہ نے دورے کے دوران انڈر پاس منصوبے کا بھی معائنہ کیا اور متعلقہ افسران و سٹاف کو ضروری ہدایات جاری کیں۔اس موقع پر ڈویژنل ایگزیکٹو انجینئر غلام مرتضی، اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر شہریار نوید، انسپکٹر آف ورکس یاسر عرفات سمیت دیگر عملہ بھی ڈی ایس کے ہمراہ تھا۔