اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2026ء) چیئرمین سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے کہا ہے کہ انشورنس کی رسائی بڑھانے، کلیمز کی بروقت ادائیگی اور صارفین کو سستی مصنوعات فراہم کرنے کے لیے انشورنس سیکٹر کی ڈیجیٹلائزیشن ناگزیر ہے ۔ایس ای سی پی ٹاک سیریز کے تحت انشورنس مارکیٹ کی ترقی اور ڈیجیٹلائزیشن پر منعقدہ سیشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انشورنس سیکٹر کے اثاثے تقریباً 4 ٹریلین روپے اور سالانہ پریمیم 708 ارب روپے تک پہنچ چکے ہیں تاہم انشورنس کی شرح نفوذ جی ڈی پی کا صرف 0.7 فیصد ہے۔ چیئرمین نے کہا کہ صرف 0.85 فیصد انشورنس پریمیم ڈیجیٹل ذرائع سے حاصل ہو رہا ہے جو اس شعبے میں ترقی کے وسیع امکانات کو ظاہر کرتا ہے۔ ایس ای سی پی جدید اور صارف دوست ڈیجیٹل مصنوعات کے فروغ کے ساتھ کلیمز کی بروقت، شفاف اور منصفانہ ادائیگی کے لیے بھی اہم اصلاحات کر رہا ہے۔انہوں نے عوام کو انشورنس مصنوعات اور معلومات تک آسان رسائی دینے کے لیے ’’انشورڈ پاکستان‘‘ ڈیجیٹل پلیٹ فارم قائم کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ تھرڈ پارٹی موٹر انشورنس کے فروغ کے لیے پنجاب حکومت سے بات چیت جاری ہے اور ڈیجیٹل نگرانی سے اس کی کوریج میں 2,000 فیصد تک اضافہ ممکن ہے۔سی ای او ٹی پی ایل انشورنس محمد امین الدین نے بتایا کہ ملک میں 97 فیصد گاڑیاں انشورنس کے بغیر چل رہی ہیں۔ موثر ڈیجیٹل نظام اور حکومتی تعاون سے 2030ء تک تمام گاڑیوں کو انشورنس کوریج فراہم کی جا سکتی ہے۔ سی ای او سٹیٹ لائف شعیب جاوید حسین نے کہا کہ ملک میں 42 انشورنس کمپنیاں کام کر رہی ہیں اور صنعت تقریباً 450 ارب روپے کے کلیمز ادا کر چکی ہے۔ انشورنس سیکٹر ملکی انفراسٹرکچر میں 200 سے 500 ارب روپے تک سرمایہ کاری کی صلاحیت رکھتا ہے۔سی ای او ای ایف یو لائف محمد علی احمد نے بتایا کہ پنشن فنڈز کے اثاثے اگست 2026ء تک 156 ارب روپے تک پہنچ گئے جو جنوری 2021ء کے مقابلے میں 333 فیصد اضافہ ہے تاہم دسمبر 2025ء تک رضاکارانہ پنشن اکائونٹس کی تعداد صرف ایک لاکھ 43 ہزار تھی۔ انہوں نے طویل مدتی سکیورٹیز، ریٹائرمنٹ پلانز اور انشورنس پر مبنی بچت مصنوعات کے فروغ پر زور دیا۔