اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2026ء) وزیر مملکت برائے خزانہ ومحصولات بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ حکومت نے تاجر برادری کی مشاورت سے آسان ٹیکس سکیم متعارف کرائی ہے جس کا مقصد ٹیکس کا بوجھ اٹھانے والے افراد کی تعداد میں اضافہ، ٹیکس کی بنیادمیں وسعت اور ٹیکس وصولیوں میں اضافہ کرنا ہے، تاجروں اور دکانداروں کے جائز مسائل اور تحفظات کو بھی حل کیا جا رہا ہے۔ منگل کویہاں جی نائن فور میں چھوٹے دکانداروں کیلئے آسان ٹیکس سکیم کے تحت گریں پلیٹس نصب کرنے کے موقع پرمیڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے وزیرمملکت نے کہاکہ آسان ٹیکس سکیم حکومت اور تاجر نمائندوں کی مشاورت سے تیار کی گئی جس کامقصد ایسا عملی نظام وضع کرنا ہے جس سے ریاست کو ٹیکس کی بنیادمیں وسعت اور وصولیوں کی صورت میں فائدہ ہو جبکہ دکانداروں کو بھی سہولت اور ان کے جائز مسائل کا حل فراہم کیا جا سکے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ آج ابتدائی طور پر 50 گرین پلیٹس جاری کی گئی ہیں، یہ پلیٹس کسی ایک بڑے شہر یا صوبے تک محدود نہیں بلکہ ملک کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے دکانداروں کو فراہم کی گئی ہیں، کراچی، لاہور، پشاور، مردان، دادو، پاکپتن، بہاولپور اور سکھر سمیت مختلف شہروں کے چھوٹے دکانداروں نے اس سکیم میں حصہ لیا ہے۔وزیرمملکت نے کہاکہ حکومت کا آغاز ہی سے مقصد تھا کہ ملک کے کونے کونے سے چھوٹے دکاندار اس سکیم میں شامل ہوں اور ابتدائی مرحلے میں ہی اس مقصد کی جانب پیش رفت ہوئی ہے۔ اب تک تقریبا پانچ ہزار دکاندار ایپ کے ذریعے رجسٹر ہو چکے ہیں جبکہ رجسٹریشن اور فائلنگ کی مقررہ مدت ابھی باقی ہے۔بلال اظہر کیانی نے کہا کہ حکومت نے تاجر برادری سے کیے گئے وعدے کے مطابق سکیم کو عملی شکل دی اور ایپ کو تیزی سے تیار کرکے آن لائن کیا گیا، جن دکانداروں نے فائل کیا انہیں وعدے کے مطابق گرین پلیٹ فراہم کی گئی ہے انہوں نے کہا کہ سکیم میں شامل ہونے والے دکانداروں کو متعدد سہولیات حاصل ہوں گی۔ ان کی ریٹرن جمع ہونے اور واجب الادا رقم ادا کرنے کے بعد ایف بی آر کا عملہ معمول کی ٹیکس پوچھ گچھ کے لیے ان کی دکان میں داخل نہیں ہو سکے گا۔ اس کے علاوہ عمومی طور پر ان کا آڈٹ نہیں ہوگا، انہیں پوائنٹ آف سیل مشین رکھنے کی ضرورت نہیں رہے گی اور ود ہولڈنگ ایجنٹ بننے کی ذمہ داری بھی ان پر عائد نہیں ہوگی۔وزیر مملکت نے کہا کہ حکومت نے ملک بھر میں گرین پلیٹس کی فراہمی کا عملی آغاز کر دیا ہے اور انہیں یقین ہے کہ اس پیش رفت سے مزید تاجر اور دکاندار اس سکیم میں شامل ہوں گے جس سے نہ صرف ٹیکس بیس میں اضافہ ہوگا بلکہ ٹیکس وصولیوں میں بھی بہتری آئے گی۔ وزیرمملکت نے کہاکہ ایف بی آر کے تمام آر ٹی اوز کے افسران کے ساتھ اجلاس بھی منعقد کیا جا رہا ہے جس میں سکیم کا مزید جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ اس کے دائرہ کار کو وسیع کرنے اور رجسٹریشن کے عمل کو تیز کرنے کے اقدامات پر غور کیا جائے گا۔ بلال اظہر کیانی نے کہا کہ حکومت اور ایف بی آر پہلے ہی تاجر برادری کے تعاون سے ملک بھر میں آگاہی مہم چلا رہے ہیں تاہم اب کوشش کی جا رہی ہے کہ ایف بی آر کے افسران تاجر نمائندوں کے ساتھ مل کر بازاروں میں بیٹھیں اور دکانداروں کو ان کی دکانوں اور بازاروں میں ہی رجسٹریشن کی سہولت فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود بھی دکانداروں کے ساتھ بیٹھ کر رجسٹریشن کے عمل کا جائزہ لیں گے اور کوشش ہوگی کہ دکاندار کو اس کی دکان کی دہلیز پر ہی یہ سہولت فراہم کی جائے۔وزیر مملکت نے تاجر برادری کے نمائندوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے خلوص، نیک نیتی اور عزم کے ساتھ حکومت کی رہنمائی کی اور عملی مشکلات کی نشاندہی کرتے ہوئے ایسی سکیم کی تشکیل میں مدد دی جو زمینی حقائق کے مطابق ہو۔ تاجر نمائندوں نے سکیم کی تیاری میں حکومت کے ساتھ مل کر کام کیا، اس کے اعلان کا خیرمقدم کیا اور اب بھی اپنے ساتھیوں کو اس میں شامل ہونے کے لیے قائل کر رہے ہیں ،حکومت اور تاجر برادری کے درمیان اس تعاون اور ٹیم ورک کے نتیجے میں ماضی میں درپیش مشکلات پر قابو پانے اور سکیم کو عملی طور پر کامیاب بنانے میں مدد ملے گی۔