سٹیٹ بینک کا پالیسی ریٹ 11.5 فیصد کی سطح پر برقرار رکھنے کا فیصلہ ، ملکی معاشی سرگرمیوں میں بتدریج بہتری آ رہی ہے، شرح نمو3.5سے لیکر4.5فیصد کے درمیان رہنے کاامکان ہے، زری پالیسی کمیٹی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 ستمبر2026ء) سٹیٹ بینک کی زری پالیسی کمیٹی نے مشرقِ وسطی میں جاری طویل تنازعہ کے باعث عالمی اجناس کی بلند قیمتوں اور سپلائی چین میں مسلسل رکاوٹوں کے باوجود پالیسی ریٹ

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 ستمبر2026ء) سٹیٹ بینک کی زری پالیسی کمیٹی نے مشرقِ وسطی میں جاری طویل تنازعہ کے باعث عالمی اجناس کی بلند قیمتوں اور سپلائی چین میں مسلسل رکاوٹوں کے باوجود پالیسی ریٹ 11.5 فیصد کی سطح پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، کمیٹی کے مطابق ملکی معاشی سرگرمیوں میں بتدریج بہتری آ رہی ہے، مضبوط ترسیلاتِ زر اور مالیاتی آمدنی کے باعث بیرونی کھاتے دبائو سے محفوظ ہے، اقتصادی شرح نمو پہلے سے متوقع 3.5 سے 4.5 فیصد کی حد میں رہے گی ۔ سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری بیان کے مطابق زری پالیسی کمیٹی کااجلاس پیرکومنعقد ہوا جس میں پالیسی ریٹ 11.5 فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ یہ فیصلہ دس میں سے سات ارکان کی اکثریت سے کیا گیا۔ کمیٹی نے نوٹ کیا کہ مشرقِ وسطی میں جاری طویل تنازعہ میں حالیہ شدت کے باعث پہلے ہی بلند عالمی اجناس کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوا ہے جبکہ سپلائی چین میں رکاوٹیں بھی برقرار ہیں تاہم حالیہ ملکی معاشی اعداد و شمار مجموعی طور پر کمیٹی کی توقعات کے مطابق رہے۔ مہنگائی کی شرح جولائی میں 9.2 فیصد سالانہ تھی جو اگست میں 11.1 فیصد ہوگئی، بنیادی مہنگائی توقعات کے مقابلے میں قدرے کم رہی۔ بیرونی کھاتے پر دبائو قابو میں رہا جس میں کارکنوں کی ترسیلاتِ زر میں مضبوط اضافہ اور مالیاتی آمدنی میں بہتری نے اہم کردار ادا کیا۔ دوسری جانب مالی سال 2026 کی چوتھی سہ ماہی میں معاشی سرگرمیوں میں سست روی کے بعد بتدریج بحالی شروع ہوگئی ہے جس کی عکاسی حالیہ قلیل مدتی معاشی اشاریوں سے ہوتی ہے اس تناظر میں مانیٹری پالیسی کمیٹی نے قرار دیا کہ موجودہ زری پالیسی کا موقف مہنگائی کو درمیانی مدت میں 5 سے 7 فیصد کے ہدفی دائرے کی جانب لانے کے لئے موزوں ہے تاہم خاص طور پر جغرافیائی سیاسی ماحول کے باعث معاشی منظرنامے سے متعلق غیر یقینی صورتحال میں اضافہ ہوا ہے۔ کمیٹی نے اپنے گزشتہ اجلاس کے بعد ہونے والی اہم پیشرفت کا جائزہ لیتے ہوئے نوٹ کیا کہ موڈیز نے پاکستان کی خودمختار کریڈٹ ریٹنگ کو مستحکم آئوٹ لک کے ساتھ بی تھری تک اپ گریڈکردیاہے ،پاکستان نے کامیابی کے ساتھ عالمی کیپٹل مارکیٹ سے 3 ارب ڈالر یورو بانڈز کے ذریعے حاصل کئے۔ سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری زرمبادلہ خریداری کے نتیجے میں اس کے زرمبادلہ کے ذخائر 21 ارب ڈالر سے تجاوز کرگئے۔ ستمبر میں کاروباری اداروں اور صارفین دونوں کی مہنگائی سے متعلق توقعات میں اضافہ ہوا جبکہ ان کے اعتماد میں کمی آئی۔ بڑی صنعتوں کی پیداوار جون میں 3.5 فیصد کم ہوئی جس کے نتیجے میں مالی سال 2026 کے دوران مجموعی شرح نمو 5.0 فیصد رہی مالی سال 2026 کے دوران مالیاتی استحکام کا عمل بجٹ میں مقررہ ہدف سے زیادہ رہا۔ اس کے علاوہ مالی سال 2027 کے پہلے دو ماہ، جولائی اور اگست، میں ایف بی آر کی ٹیکس وصولیاں مقررہ ہدف کے مطابق رہیں جبکہ سٹیٹ بینک نے حکومت کو بجٹ میں مختص 1.4 ٹریلین روپے کے مقابلے میں 1.9 ٹریلین روپے کا زیادہ منافع منتقل کیا۔ کمیٹی نے نوٹ کیا کہ عالمی معیشت کو درپیش مشکل حالات کے باعث مرکزی بینکوں نے بھی اپنی پالیسیوں میں زیادہ محتاط رویہ اختیار کیا ہے ان پیش رفتوں اور بدلتے ہوئے خطرات کا جائزہ لیتے ہوئے زری پالیسی کمیٹی نے قیمتوں کے استحکام کے حصول کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ موصول ہونے والے نئے اعداد و شمار اور مشرقِ وسطی کی صورتحال پر قریبی نظر رکھی جائے گی۔ کمیٹی نے یہ بھی نوٹ کیا کہ منفی جغرافیائی سیاسی واقعات اور موسمی حالات سے متعلق رکاوٹوں جیسے جھٹکے زیادہ تواتر سے سامنے آ رہے ہیں اور بدستور ملکی معاشی منظرنامے کے لئے خطرات کا باعث ہیں ،اس پس منظر میں کمیٹی نے محتاط زری و مالیاتی پالیسی کے امتزاج کو برقرار رکھنے اور بیرونی و اندرونی جھٹکوں کو برداشت کرنے کے لئے حفاظتی مالی ذخائر میں مزید اضافہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ کمیٹی کے مطابق اس کے ساتھ ساتھ ڈھانچہ جاتی اصلاحات پر بروقت عملدرآمد معاشی لچک بڑھانے، پیداواری صلاحیت میں اضافہ کرنے اور بلند و پائیدار معاشی نمو کے لئے ضروری ہے۔ سٹیٹ بینک کے مطابق مالی سال 2026 کی چوتھی سہ ماہی میں تنازعہ سے متعلق رکاوٹوں کے باعث معاشی سرگرمیوں میں کمی آنے کے بعد، بعد کے عرصے میں ان میں بتدریج بہتری کے آثار نظر آ رہے ہیں۔ قلیل مدتی معاشی اشاریے، جن میں پٹرولیم مصنوعات کی فروخت، نجی شعبے کے قرضے، ٹیکسٹائل برآمدات، کاروباری اعتماد اور رات کے وقت روشنی اور گیس کے اخراج سے متعلق سیٹلائٹ تصاویر شامل ہیں، جولائی میں معاشی سرگرمیوں کی بحالی کی نشاندہی کر رہے ہیں ۔مزید برآں چاول اور گنے کے زیرِکاشت رقبے میں اضافہ اور کپاس کی آمد سے متعلق ابتدائی حوصلہ افزا ءاطلاعات نے زرعی شعبے کے امکانات کو بہتر بنایا ہے۔ اجناس پیدا کرنے والے شعبوں میں متوقع بہتری خدمات کے شعبے کے لئے بھی بہتر امکانات کی عکاسی کرتی ہے۔ اس تناظر میں زری پالیسی کمیٹی کو توقع ہے کہ مالی سال 2027 کے دوران حقیقی مجموعی ملکی پیداوار کی شرح نمو پہلے سے متوقع 3.5 سے 4.5 فیصد کی حد میں رہے گی۔ سٹیٹ بینک کے مطابق جولائی میں جاری کھاتے کا خسارہ بڑی حد تک زری پالیسی کمیٹی کی توقعات کے مطابق رہا، کیونکہ اشیا ءاور خدمات کی درآمدات میں اضافہ برآمدات اور کارکنوں کی مضبوط ترسیلاتِ زر میں اضافے سے زیادہ رہا۔ دوسری جانب ستمبر میں یورو بانڈز کے اجرا ءاور اسٹیٹ بینک کی جانب سے زرمبادلہ کی نمایاں خریداری کے نتیجے میں اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ کر 21.4 ارب ڈالر ہوگئے مستحکم ترسیلاتِ زر اور آئی ٹی و آئی سی ٹی برآمدات میں اضافے سے توقع ہے کہ مالی سال 2027 میں جاری کھاتے کا خسارہ مجموعی ملکی پیداوار کے 0 سے 1 فیصد تک محدود رہے گا۔ منصوبہ بندی کے مطابق مالیاتی آمدنی کی وصولی اور اسٹیٹ بینک کی جانب سے زرمبادلہ کی مسلسل خریداری سے بیرونی مالیاتی ضروریات پوری کرنے اور زرمبادلہ کے ذخائر کو سہارا دینے میں مدد ملے گی۔ توقع ہے کہ جون 2027 کے اختتام تک زرمبادلہ کے ذخائر تقریبا ًتین ماہ کی درآمدات کے حجم تک پہنچ جائیں گےتاہم مشرقِ وسطی میں جاری پیش رفت کے باعث بلند عالمی اجناس کی قیمتوں اور سپلائی میں رکاوٹوں کے سبب یہ منظرنامہ خطرات سے دوچار ہے۔ سٹیٹ بینک کے مطابق مالی سال 2026 کے دوران مالیاتی استحکام کا عمل بجٹ میں مقررہ اہداف سے زیادہ رہا۔ اس میں جاری اخراجات پر قابو پانے، بالخصوص سود کی ادائیگیوں میں کمی نے اہم کردار ادا کیا۔ مالی سال 2027 کے پہلے دو ماہ کے دوران ٹیکس وصولیاں ایف بی آر کے مقررہ اہداف کے مطابق رہیں تاہم گزشتہ سال کے مقابلے میں ان کی شرح نمو سست ہوئی۔ اسی دوران بجٹ میں مختص رقم کے مقابلے میں اسٹیٹ بینک کی جانب سے نمایاں طور پر زیادہ، 1.9 ٹریلین روپے منافع کی منتقلی نے مالی سال 2027 کے مالیاتی منظرنامے کو بہتر بنایا ہے تاہم ٹیکس آمدنی کا ہدف حاصل کرنا ناگزیر ہے اور اس کے لئے ملکی و عالمی سطح پر غیر یقینی صورتحال کے باوجود مسلسل کوششیں کرنا ہوں گی۔ اس حوالے سے زری پالیسی کمیٹی نے مالیاتی اصلاحات کی رفتار تیز کرنے، بالخصوص ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے اور سرکاری کاروباری اداروں کے نقصانات پر قابو پانے کی اہمیت پر دوبارہ زور دیا تاکہ بلند اور پائیدار معاشی نمو کو فروغ دیا جاسکے۔ سٹیٹ بینک کے مطابق 28 اگست تک زروسیع(ایم ٹو) کی سالانہ شرح نمو 11.6 فیصد رہی دوسری جانب نجی شعبے کے قرضو میں سالانہ بنیادوں پر 13.4 فیصد اضافہ ہوا، جس میں بینکاری نظام سے حکومت کی بجٹ کے حوالہ سے قرضہ لینے میں کمی اور معاشی سرگرمیوں میں بحالی نے مدد دی۔ نجی شعبے کے قرضوں میں اضافہ وسیع البنیاد رہا اور اس میں ورکنگ کیپیٹل، فکسڈ انویسٹمنٹ اور صارفین کے لیے فنانسنگ تینوں شعبے شامل رہے۔ تھوک و پرچون تجارت، زراعت اور چینی کا شعبہ قرض لینے والے بڑے شعبے رہے۔ معاشی سرگرمیوں میں جاری بحالی کے ساتھ نجی شعبے کے قرضوں کی شرح نمو میں مزید اضافے کی توقع ہے۔ سٹیٹ بینک کے مطابق مہنگائی کی شرح جولائی میں سالانہ بنیاد پر 9.2 فیصد جبکہ اگست میں 11.1 فیصد رہی۔ حالیہ مہنگائی میں اضافہ بڑی حد تک گندم اور اس سے متعلق مصنوعات اور جلد خراب ہونے والی اشیا کی بلند قیمتوں کے باعث غذائی مہنگائی سے ہوا اسی دوران مشرقِ وسطی میں تنازع میں شدت کے باعث توانائی کی قیمتوں میں مہنگائی کی شرح بلند سطح پر برقرار رہی۔ ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے نتیجے میں ٹرانسپورٹ کے اخراجات بڑھے، جس سے بنیادی مہنگائی بڑھ کر 8.7 فیصد ہوگئی حالیہ جائزوں میں صارفین اور کاروباری اداروں کی مہنگائی سے متعلق توقعات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ تاہم، زری پالیسی کمیٹی نے نوٹ کیا کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار میں حالیہ تبدیلی کے نتیجے میں اگست میں اس کی قیمتوں میں نمایاں کمی ہوئی، جس سے عالمی سطح پر بلند قیمتوں کے ملکی مہنگائی پر اثرات جزوی طور پر کم ہوئے۔ دوسری جانب، مستقبل کی متوقع صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے حقیقی شرحِ سود کا مثبت رہنا طلب کی جانب سے پیدا ہونے والے دباو کو قابو میں رکھنے اور غذائی و توانائی کی مہنگائی کے نتیجے میں پیدا ہونے والے دوسرے مرحلے کے اثرات کو محدود کرنے میں مدد دے گا۔ مجموعی طور پر مالی سال 2027 کے لئے مہنگائی کا منظرنامہ گزشتہ جائزے کے مقابلے میں بڑی حد تک تبدیل نہیں ہوا۔ توقع ہے کہ جون 2027 تک مہنگائی بتدریج کم ہوکر 5 سے 7 فیصد کے ہدفی دائرے کی بالائی حد کے قریب آجائے گی تاہم اس منظرنامے کو لاحق خطرات میں اضافہ ہوا ہے۔ اہم خطرات میں عالمی اجناس کی قیمتوں میں اتار چڑھاو، بجلی اور گیس کے نرخوں میں ممکنہ ردوبدل کی شدت، سپلائی میں رکاوٹیں اور ایل نینو کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے دوران غذائی اشیا کی قیمتوں میں غیر متوقع اتار چڑھا ؤشامل ہیں۔



