لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 ستمبر2026ء) صوبائی دارالحکومت میں مرغی کا گوشت، انڈے اور بڑا چھوٹا گوشت سرکاری نرخ نامے کو ہوا میں اڑاتے ہوئے انتہائی مہنگے داموں فروخت کیے جا رہے ہیں، جس سے عوام پر معاشی بوجھ مزید بڑھ گیا ہے۔سرکاری نرخ نامے کے مطابق برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت 454 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، تاہم اوپن مارکیٹ اور پرچون دکانوں پر مرغی کا گوشت 10 سے 15 روپے زائد وصول کرتے ہوئے 465 سے 470 روپے فی کلو میں فروخت کیا جا رہا ہے۔ اسی طرح چھوٹا گوشت (مٹن) 1600 روپے کے مقررہ نرخ کے برعکس 2400 سے 2800 روپے فی کلو تک انتہائی گراں داموں فروخت کیا جا رہا ہے، جبکہ بڑا گوشت (بیف) 800 روپے کے سرکاری ریٹ کے مقابلے میں 1000 سے 1200 روپے فی کلو میں مل رہا ہے۔ فارمی انڈوں کا سرکاری نرخ 245 روپے فی درجن مقرر ہے، مگر مارکیٹ میں انڈے 250 سے 255 روپے فی درجن فروخت کیے جا رہے ہیں۔شہریوں نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرغی کا گوشت اور انڈے بھی اب غریب اور متوسط طبقے کی پہنچ سے باہر ہو چکے ہیں۔ شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ گراں فروشوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے اور تمام اشیائے خورونوش کی سرکاری نرخوں پر فروخت ہر صورت یقینی بنائی جائے۔