لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 ستمبر2026ء) صوبائی دارالحکومت میں مہنگائی کے طوفان نے عوام کی مشکلات میں بے پناہ اضافہ کر دیا ہے، جہاں پھل اور سبزیاں سرکاری نرخ نامے پر فروخت ہونے کے بجائے اوپن مارکیٹ میں من مانے اور گراں داموں فروخت کی جا رہی ہیں۔سرکاری نرخوں اور اوپن مارکیٹ کی قیمتوں میں واضح اور بڑا فرق سامنے آ گیا ہے۔ آلو کی سرکاری قیمت 30 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم اوپن مارکیٹ میں یہ 43 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔ اسی طرح بینگن 100 کے بجائے 130 روپے، بھنڈی 180 کے بجائے 250 روپے، ٹماٹر 190 کے بجائے 230 روپے اور کریلے 180 کے بجائے 220 روپے فی کلو تک بلا خوف و خطر فروخت کیے جا رہے ہیں۔ پھلوں کی قیمتوں میں بھی شہریوں کو کسی قسم کا ریلیف نہ مل سکا؛ انگور کی سرکاری قیمت 350 روپے کے مقابلے میں 470 روپے، امرود 220 کے بجائے 300 روپے، آم چونسہ 325 کے بجائے 400 روپے، آڑو 350 کے بجائے 450 روپے اور سیب 360 کے بجائے 430 روپے فی کلو مل رہا ہے، جبکہ کیلا درجہ اول 190 روپے فی درجن کے بجائے 250 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ کے جاری کردہ سرکاری نرخ نامے صرف کاغذوں کی حد تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں اور منافع بخش اوپن مارکیٹ میں من مانی قیمتیں وصول کر رہے ہیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ گراں فروشوں کے خلاف فیلڈ میں مؤثر بلا امتیاز کارروائی کی جائے اور سرکاری نرخوں پر اشیائے خورونوش کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔