کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2026ء) سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے برآمدی سرگرمیوں سے وابستہ اور شریعہ اصولوں کے مطابق کاروبار کرنے والی کمپنی ایس ای فروٹس اینڈ ویجیٹیبل لمیٹڈ کے ابتدائی عوامی پیشکش کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد کمپنی کی اسٹاک ایکسچینج میں فہرست ہونے کی جانب اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ کمپنی کے ابتدائی عوامی پیشکش کی بک بلڈنگ 21 ستمبر سے شروع ہوکر 22 ستمبر تک جاری رہے گی۔ اس عمل کے تحت مجموعی طور پر 3 کروڑ حصص پیش کیے جائیں گے، جن میں سے 75 فیصد یعنی 2 کروڑ 25 لاکھ حصص بڑے انفرادی اور ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کے لیے بک بلڈنگ کے ذریعے پیش ہوں گے، جبکہ باقی 25 فیصد یعنی 75 لاکھ حصص عام سرمایہ کاروں کے لیے 28 اور 29 ستمبر کو خریداری کے لیے دستیاب ہوں گے۔ بک بلڈنگ میں حصص کی ابتدائی قیمت 40 روپے فی حصص مقرر کی گئی ہے، جو سرمایہ کاروں کی دلچسپی کی بنیاد پر زیادہ سے زیادہ 64 روپے فی حصص تک بڑھ سکتی ہے۔ اس طرح کمپنی ابتدائی عوامی پیشکش کے ذریعے 1.20 ارب روپے سے 1.92 ارب روپے تک حاصل کرسکتی ہے۔ ٹاپ لائن سیکیورٹیز لمیٹڈ اور گروتھ سیکیورٹیز لمیٹڈ اس ابتدائی عوامی پیشکش کے مشترکہ مرکزی منتظمین ہیں۔ کمپنی کے مطابق ابتدائی عوامی پیشکش سے حاصل ہونے والی رقم اس کی کاروباری سرمایہ کی ضروریات پوری کرنے میں استعمال ہوگی، جس سے کاروباری توسیع میں حائل ایک اہم رکاوٹ دور ہونے کی توقع ہے۔ اضافی سرمایہ زرعی پیداوار کی زیادہ مقدار میں خریداری، پیداواری و تیاری کی صلاحیت بڑھانے اور عالمی منڈیوں میں موجود طلب کو برآمدی آمدنی میں تبدیل کرنے کی صلاحیت بہتر بنانے میں مدد دے گا۔ اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2026 میں پاکستان کی پھلوں اور سبزیوں کی برآمدات تقریباً 47 کروڑ ڈالر رہیں، جبکہ ایس ای فروٹس اینڈ ویجیٹیبل لمیٹڈ کی برآمدی آمدنی تقریباً 40 لاکھ ڈالر رہی، جو مجموعی مارکیٹ کے ایک فیصد سے بھی کم ہے۔ کمپنی نے مالی سال 2027 میں اپنی برآمدی آمدنی تقریباً 1 کروڑ 80 لاکھ ڈالر تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا ہے، جس کے نتیجے میں مجموعی مارکیٹ میں کمپنی کا حصہ تقریباً 4 فیصد تک پہنچنے کی توقع ہے۔ سرگودھا میں قائم ایس ای فروٹس اینڈ ویجیٹیبل لمیٹڈ اس سے قبل ’’شاہین انٹرپرائزز‘‘ کے نام سے کاروبار کررہی تھی اور اسے تقریباً 30 سال کا تجربہ حاصل ہے۔ کمپنی کینو، آم، آلو اور دیگر زرعی اجناس سمیت مختلف مصنوعات 22 سے زائد ممالک کو برآمد کرتی ہے ۔کمپنی کے مطابق علاقائی تجارت اور رسد کے شعبے میں رکاوٹوں کے باوجود اس نے اپنی برآمدی سرگرمیاں جاری رکھیں اور مشرق وسطیٰ کی بعض منڈیوں میں بہتر نرخوں پر مصنوعات فروخت کرنے میں کامیاب رہی۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ کارکردگی صارفین کے ساتھ مضبوط کاروباری تعلقات، مختلف عالمی منڈیوں میں موجودگی اور مشکل حالات میں تجارتی حکمت عملی تبدیل کرنے کی صلاحیت کی عکاس ہے ۔کمپنی کے مطابق اہم ریگولیٹری منظوریوں کے حصول کے بعد ابتدائی عوامی پیشکش سے نہ صرف سرمایہ دستیاب ہوگا بلکہ کاروباری سرمایہ کی بڑی رکاوٹ دور کرنے اور ایس ای فروٹس اینڈ ویجیٹیبل لمیٹڈ کے برآمدی کاروبار کو توسیع دینے میں بھی مدد ملے گی۔