اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 ستمبر2026ء) سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے سرمایہ کاری کو فروغ دینے، سرمایہ کاروں کی شرکت وسیع کرنے اور ریٹ اسکیموں کو زیادہ وسعت فراہم کرنے کے لیے ریٹ ریگولیشنز 2022 میں اہم ترامیم تجویز کی ہیں،تجویز کردہ اصلاحات کے تحت ریئل اسٹیٹ کی آمدنی اور اثاثوں کی حد 75 فیصد سے کم کر کے 65 فیصد کی جا رہی ہے جبکہ سرمایہ کاری پر مبنی ریٹس کو خالی زمین اور پلاٹوں میں سرمایہ کاری کی اجازت ہوگی۔ گروپ سطح کے ٹرسٹس اور ملازمین کے فنڈز کو غیر فہرست شدہ ریٹس میں سرمایہ کاری کی اجازت ملے گی، اور اسپانسرز و ڈائریکٹرز سے قرض کی مدت 24 سے بڑھا کر 36 ماہ کی جائے گی،ان ترامیم کا مقصد آر ایم سی (RMCs) کو ریٹس کی لسٹنگ میں ایک سال تک کی توسیع اور سرکاری اداروں سے جائیدادوں کے حصول میں آسانیاں فراہم کرنا ہے۔ مزید برآں، ہائبرڈ ریٹ اسکیمیں ہولڈنگ مدت کے دوران کرائے کی آمدنی حاصل کر سکیں گی۔چیئرمین ایس ای سی پی ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے کہا کہ ان اصلاحات کا مقصد طویل مدتی سرمایہ متحرک کرنا، سرمایہ کاروں کی شرکت بڑھانا اور ریئل اسٹیٹ سیکٹر کی صلاحیت کو اجاگر کرنا ہے۔مسودہ آراء کیلئے پیش کر دیا گیا ہے، اور اسٹیک ہولڈرز سے تجاویز طلب کی گئی ہیں۔