لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 ستمبر2026ء) فائونڈر ز گروپ کے سرگرم رکن ،پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے رکن ، سینئر نائب صدر فیروز پور روڈ بورڈاورسابق ممبر لاہور چیمبر آف کامرس خادم حسین نے کہا ہے کہ پاکستان میں نئے صوبوں کے قیام کی بحث کو محض سیاسی یا انتظامی معاملہ سمجھنے کی بجائے اس کے معاشی اثرات کا بھی جامع جائزہ لینا چاہیے، مناسب منصوبہ بندی کے تحت چھوٹے انتظامی یونٹس سے گورننس، وسائل کی تقسیم اور عوامی خدمات کی فراہمی میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ حالیہ تحقیقی مطالعات میں بھی اس امر کی نشاندہی کی گئی ہے کہ زیادہ جوابدہ اور مقامی ضروریات کے قریب انتظامی ڈھانچہ معاشی سرگرمیوں کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔ تاہم نئے صوبوں کے قیام سے قبل مالی وسائل، انتظامی اخراجات، ٹیکس وصولی، قرضوں اور وسائل کی تقسیم کے طریق کار کا تفصیلی جائزہ ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے صوبے اگر مضبوط مالی بنیاد، موثرادارہ جاتی نظام اور واضح اختیارات کے ساتھ قائم کیے جائیں تو پسماندہ علاقوں میں سرمایہ کاری، روزگار اور کاروباری سرگرمیوں کے نئے مواقع پیدا ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محض نئے صوبے بنانے سے معاشی ترقی یقینی نہیں ہوتی بلکہ اس کے لیے بہتر طرز حکمرانی اور مالی نظم و ضبط بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ پاکستان کو اس وقت مالی وسائل کے دبا ئوکا سامنا ہے، اس لیے نئے انتظامی یونٹس کے ممکنہ فوائد اور اخراجات کا غیر جانب دارانہ تجزیہ کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ نئے صوبوں کے قیام کی بحث کو چوک چوراہوں اور سیاسی نعروں تک محدود رکھنے کے بجائے پارلیمنٹ، ماہرین معیشت، متعلقہ اداروں، جامعات اور دیگر متعلقہ پلیٹ فارمز پر سنجیدگی سے آگے بڑھایا جائے۔ وسیع مشاورت اور ٹھوس اعدادوشمار کی بنیاد پر فیصلہ کیا جائے تو یہ بحث قومی معیشت اور انتظامی اصلاحات کے لیے زیادہ مفید ثابت ہو سکتی ہے۔