ایس ای سی پی کا کمپنی رجسٹریشن نظام مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 ستمبر2026ء) سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے پاکستان کی بزنس ریڈی درجہ بندی میں مزید بہتری اور کاروباری ماحول کو سہل، شفاف اور جدید بنانے کے لیے اہم اقداما

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 ستمبر2026ء) سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے پاکستان کی بزنس ریڈی درجہ بندی میں مزید بہتری اور کاروباری ماحول کو سہل، شفاف اور جدید بنانے کے لیے اہم اقدامات کی منظوری دے دی ۔ایس ای سی پی کے مطابق پاکستان بزنس انٹری کیٹیگری میں 101 معیشتوں میں 17ویں نمبر پر ہے جبکہ اس کا اسکور 86.64 ہے۔ کمیشن نے درجہ بندی بہتر بنانے کے لیے مختلف اداروں کے درمیان معلومات کے تبادلے اور ڈیجیٹل رابطہ کاری کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا ہے ۔ایس ای سی پی کے مطابق کمپنیوں کی رجسٹریشن اور رجسٹریشن کے بعد ہونے والی تبدیلیوں سے متعلق معلومات فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو خودکار نظام کے ذریعے دستیاب ہیں، جس سے کاروباری اداروں کی رجسٹریشن اور متعلقہ معلومات تک رسائی کا عمل مزید مؤثر بنایا جارہا ہے۔ اس سلسلے میں ایس ای سی پی، ایف بی آر اور بورڈ آف انویسٹمنٹ اضافی معلومات کے باہمی تبادلے کے لیے تعاون کریں گے، جبکہ کاروباری اداروں کو ماحولیاتی تقاضوں اور مختلف اجازت ناموں سے متعلق معلومات تک آسان رسائی دینے کے لیے متعلقہ لنکس ایس ای سی پی کی ویب سائٹ پر فراہم کیے جائیں گے۔کمیشن نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں اور خواتین کاروباری افراد کے لیے دستیاب سرکاری معاونتی پروگراموں کی معلومات بھی اپنی ویب سائٹ پر فراہم کردی ہیں۔ ایس ای سی پی کی جانب سے نئی رجسٹر ہونے والی کمپنیوں سے متعلق صنفی بنیاد پر اعدادوشمار بھی جاری کیے گئے ہیں، جن میں مرد و خواتین شیئر ہولڈرز، ڈائریکٹرز، چیف ایگزیکٹوز اور حقیقی مالکان سے متعلق معلومات شامل ہیں۔کمیشن کے مطابق کمپنی ڈائریکٹرز اور حقیقی مالکان سے متعلق صنفی بنیاد پر ڈیٹا سیٹ بھی تیار کرکے شائع کیا جائے گا، جس سے کاروباری شعبے میں خواتین کی شمولیت اور نمائندگی کے بارے میں مزید واضح معلومات دستیاب ہوں گی ۔ایس ای سی پی کا کہنا ہے کہ اقدامات کا مقصد کاروباری معلومات تک رسائی، شفافیت، اداروں کے درمیان ڈیجیٹل رابطہ کاری اور کاروبار شروع کرنے کے عمل کو مزید آسان بنانا ہے۔



