ی سی او ممالک میں باہمی تجارت کے فروغ کیلئے ای سی او ٹریڈ ایگریمنٹ پر مؤثر عملدرآمد ناگزیر ہی: عاطف اکرام شیخ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 ستمبر2026ء) ایف پی سی سی آئی کے صدر اور ای سی او چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ای سی او سی سی آئی) کے صدر عاطف اکرام شیخ نے اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے رکن مما

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 ستمبر2026ء) ایف پی سی سی آئی کے صدر اور ای سی او چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ای سی او سی سی آئی) کے صدر عاطف اکرام شیخ نے اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے رکن ممالک کے درمیان باہمی تجارت کے فروغ اور پورے ای سی او خطے کو زیادہ مربوط اور مسابقتی اقتصادی بلاک میں تبدیل کرنے کیلئے ای سی او ٹریڈ ایگریمنٹ (ایکوٹا) کو ازسرِنو مؤثر بنانے اور اس پر عملی و مؤثر انداز میں عملدرآمد کا مطالبہ کیا ہے۔ عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ ای سی او خطہ اس وقت عالمی تجارت میں صرف تقریباً 4 فیصد حصہ رکھتا ہے، جبکہ خطے کے اندر باہمی تجارت کا حجم تقریباً 8.75 فیصد ہے، جو خطے کی حقیقی تجارتی صلاحیت کے مقابلے میں انتہائی کم ہے۔انہوں نے کہا کہ ای سی او خطہ وسیع اقتصادی فوائد اور وسائل سے مالا مال ہے، جن میں وافر ہائیڈروکاربن اور معدنی وسائل، نوجوان اور ہنرمند آبادی، ایشیا کو یورپ سے ملانے والی اہم شاہراہوں اور ریلوے کا اسٹریٹجک نیٹ ورک اور چین، بھارت اور روس جیسی بڑی منڈیوں سے قربت شامل ہے۔ تاہم بلند ٹیرف، غیر ٹیرف رکاوٹیں، مصنوعات میں محدود تنوع، تجارتی ادائیگیوں میں مشکلات اور مختلف ممالک کے ریگولیٹری نظام میں فرق علاقائی تجارت کی راہ میں مسلسل رکاوٹ بن رہے ہیں۔انہوں نے یاد دلایا کہ ایکو ٹا پر 2003 میں دستخط ہوئے تھے اور یہ اپریل 2008 میں نافذ العمل ہوا، جس کا بنیادی مقصد ای سی او ممالک کے درمیان آزاد تجارتی خطے کا قیام تھا۔ تاہم ٹیرف کے ڈھانچے میں اختلافات، مصنوعات کی نامکمل فہرستوں اور رکن ممالک کے درمیان فوائد کی منصفانہ تقسیم سے متعلق خدشات کے باعث معاہدے پر مؤثر عملدرآمد نہیں ہو سکا۔صدر ایف پی سی سی آئی نے کہا کہ ایکو ٹا محض کاغذ پر موجود معاہدہ نہیں رہنا چاہیے، زیرِ التوا معاملات کو مسلسل مذاکرات کے ذریعے حل کرکے ایسا فریم ورک تشکیل دینا ہوگا جو تمام رکن ممالک کیلئے متوازن اور منصفانہ فوائد یقینی بنائے۔ انہوں نے ٹیرف میں کمی کیلئے متوازن حکمت عملی اپنانے، مصنوعات میں زیادہ تنوع پیدا کرنے اور علاقائی مسابقت بڑھانے کیلئے سرمایہ کاری کو فروغ دینے کی تجویز دی۔ انہوں نے تجارتی ادائیگیوں کیلئے مضبوط اور مؤثر نظام وضع کرنے پر بھی زور دیا۔عاطف اکرام شیخ نے لین دین کی لاگت کم کرنے، ریگولیٹری شفافیت بہتر بنانے، ای کامرس اور ڈیجیٹل تجارت کے فروغ اور علاقائی ٹرانسپورٹ و لاجسٹکس کے بنیادی ڈھانچے کو ترقی دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے تجویز دی کہ ای سی او ٹریڈ اینڈ ڈویلپمنٹ بینک کے وسائل کو تجارتی فنانسنگ اور علاقائی بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کی معاونت کیلئے مؤثر طور پر استعمال کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان، ای سی او اور ای سی او سی سی آئی کے فعال رکن کی حیثیت سے علاقائی اقتصادی انضمام مضبوط بنانے کیلئے تمام مؤثر اقدامات کی حمایت جاری رکھے گا۔عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ ای سی او خطے میں ایک طاقتور اقتصادی بلاک بننے کی تمام صلاحیتیں موجود ہیں، ضرورت صرف مضبوط عزم، عملی تجارتی سہولت کاری اور جدید ایکو ٹا کے ذریعے وسیع وسائل اور اسٹریٹجک محل وقوع کو زیادہ تجارت، سرمایہ کاری اور مشترکہ اقتصادی خوشحالی میں تبدیل کرنے کی ہے۔



