لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 ستمبر2026ء) نجی ائیر لائن نے گوادر سے کراچی اور کوئٹہ کے فضائی کرایوں میں نمایاں کمی کردی ۔ ساؤتھ ایئر نے بلوچستان کے مختلف شہروں کے درمیان فضائی رابطوں کو مزید موثر بنانے کے لیے کرایوں میں کمی کا اقدام کیا ، نئے کرایوں کے تحت گوادر سے کراچی کا یکطرفہ فضائی کرایہ 21 ہزار 250 روپے جبکہ گوادر سے کوئٹہ کا کرایہ 20 ہزار 840 روپے مقرر کیا گیا ہے۔ اس سے قبل گوادر سے کراچی کا فضائی کرایہ 23 ہزار 733 روپے جبکہ گوادر سے کوئٹہ کا کرایہ 31 ہزار روپے تھا۔ نئے کرایوں کے نتیجے میں کراچی کے فضائی سفر پر 2 ہزار روپے سے زائد جبکہ کوئٹہ کے سفر پر 10 ہزار روپے سے زائد کی کمی واقع ہوئی ہے۔ ساؤتھ ایئر گوادر اسٹیشن کے منیجر محمد سلیم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسافروں کو بہتر فضائی سفری سہولیات نسبتاً کم قیمت پر فراہم کرنا ایئرلائن کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ کرایوں میں کمی کا مقصد صرف مسافروں کو مالی ریلیف فراہم کرنا نہیں بلکہ گوادر کے فضائی رابطوں کو ملک کے دیگر حصوں کے ساتھ مزید مضبوط بنانا بھی ہے۔بہتر فضائی رابطوں سے گوادر میں کاروباری سرگرمیوں اور آمدورفت کو بھی فروغ ملے گا۔