کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 ستمبر2026ء) سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے کارپوریٹ شفافیت یقینی بنانے کے لیے حتمی مالکان کی تفصیلات فراہم نہ کرنے والی 28 ہزار 761 کمپنیوں کو شوکاز نوٹس جاری کردیئے ۔ایس ای سی پی کے اعلامیے کے مطابق متعلقہ کمپنیوں نے الٹی میٹ بینیفیشل اونر (حتمی مالک) سے متعلق لازمی فارم 19 جمع نہیں کرایا، جس پر کمیشن نے کارروائی کرتے ہوئے کمپنیوں کو نوٹس جاری کیے ہیں۔ اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ کسی کمپنی میں 25 فیصد یا اس سے زائد حصص یا ووٹنگ کے حقوق رکھنے والا شخص حتمی مالک تصور ہوگا، جبکہ کمپنی پر براہِ راست یا بالواسطہ مؤثر کنٹرول رکھنے والا شخص بھی حتمی مالک کے زمرے میں آئے گا ۔ایس ای سی پی کے مطابق حتمی مالکان کی تفصیلات فراہم کرنا کمپنیز ایکٹ 2017ئ کے تحت لازمی ہے۔ اس اقدام کا مقصد کمپنیوں کی ملکیت اور کنٹرول کے ڈھانچے میں شفافیت یقینی بنانا اور کارپوریٹ شعبے میں جوابدہی کے نظام کو مزید مؤثر بنانا ہے۔ کمیشن نے متعلقہ کمپنیوں کو فارم 19 جمع کرانے کے لیے 30 روز کی مہلت دی ہے۔ ایس ای سی پی نے خبردار کیا ہے کہ مقررہ مدت کے اندر لازمی تفصیلات فراہم نہ کرنے والی کمپنیوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی ۔ایس ای سی پی کے اقدام کو کارپوریٹ شعبے میں شفافیت کے فروغ اور کمپنیوں کی حقیقی ملکیت سے متعلق معلومات کے ریکارڈ کو مزید مؤثر بنانے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔