معاہدوں، غیر ملکی مالی معاونت اور منصوبوں پر عمل درآمد کا عمل بلا تاخیر مکمل کیا جائی: میاں زاہد حسین
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 ستمبر2026ء) پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچوئلز فورم اور آل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر، نیشنل بزنس گروپ پاکستان کے چیئرمین، ایف پی سی سی آئی پالیسی ایڈوائزری بورڈ کے

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 ستمبر2026ء) پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچوئلز فورم اور آل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر، نیشنل بزنس گروپ پاکستان کے چیئرمین، ایف پی سی سی آئی پالیسی ایڈوائزری بورڈ کے چیئرمین اور سابق صوبائی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی میاں زاہد حسین پاکستان کی پانچ آئل ریفائنریوں کی اپ گریڈیشن کے لیے 6 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے منصوبے کا خیرمقدم کیا ہے۔ انہوں نے اس منصوبے کو پاکستان کی توانائی سلامتی مضبوط بنانے، درآمدی تیار ایندھن پر انحصار کم کرنے اور ملک کی اہم ترین صنعتوں میں سے ایک کو جدید ٹیکنالوجی پر استوار کرنے کا تاریخی موقع قرار دیا۔میاں زاہد حسین نے کہا کہ پارکو، پاکستان ریفائنری، نیشنل ریفائنری، سینرجیکو اور اٹک ریفائنری نے براؤن فیلڈ ریفائنری اپ گریڈیشن پالیسی کے تحت معاہدوں پر دستخط کے لیے اپنی تیاری کی تصدیق کر دی ہے۔ وزارت پیٹرولیم کے مطابق یہ معاہدے ستمبر 2026 کے آغاز میں طے پائیں گے جس کے بعد ریفائنریاں اعلان کردہ مدت میں مالی انتظامات، انجینئرنگ اور دیگرمنصوبوں پر عملی کام شروع کریں گی۔ میاں زاہد حسین نے کہا کہ اس وقت پانچوں ریفائنریوں کی خام تیل صاف کرنے کی مجموعی صلاحیت تقریباً ساڑھے تین لاکھ بیرل یومیہ ہے۔ اپ گریڈیشن کے بعد یہ ریفائنریاں ماحول دوست یورو فائیو معیار کا پیٹرول اور ڈیزل تیار کرنے اور فرنس آئل جس کی سیل ویلیو انتہائی کم ہوتی ہے کے بڑے حصے کو پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل میں تبدیل کرنے کے قابل ہو جائیں گی۔ میاں زاہد حسین نے کہا کہ اپ گریڈیشن منصوبے کی تکمیل کے بعد پیٹرول کی مقامی پیداوار میں 72 فیصد اضافے کی توقع ہے، جو 10,700 ٹن یومیہ سے بڑھ کر 18,400 ٹن یومیہ ہو جائے گی۔ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی پیداوار 39 فیصد اضافے کے بعد 21,240 ٹن سے بڑھ کر 29,520 ٹن یومیہ ہونے کا امکان ہے، جبکہ فرنس آئل کی پیداوار میں 63 فیصد کمی متوقع ہے۔ اس سے درآمدی پیٹرول اور ڈیزل کی ضرورت کم، قیمتی زرمبادلہ کی بچت اور ملک میں روزگار اور ویلیو ایڈیشن میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ ایران جنگ اور آبنائے ہرمز میں پیدا ہونے والی رکاوٹوں نے پاکستانی ریفائنریوں کی اپ گریڈیشن کو مزید ضروری بنا دیا ہے۔ پاکستان اپنے درآمدی تیل اور ایل این جی کا تقریباً 90 فیصد خلیجی راستوں اور آبنائے ہرمز سے حاصل کرتا ہے۔ حالیہ جنگ سے بحری نقل و حمل متاثر، فریٹ اور انشورنس اخراجات میں اضافہ اور عالمی تیل کی قیمتیں بلند ہوئی ہیں۔ اسلام اباد جنگ بندی میمورینڈم کے بعد دوبارہ ہونے والی کشیدگی کے بعد برینٹ خام تیل کی قیمت تقریباً 92 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی ہے، جس سے پاکستان جیسے تیل درآمد کرنے والے ممالک پر مہنگائی اور ادائیگیوں کے توازن کا دباؤ مسلسل بڑھ رہا ہے۔میاں زاہد حسین نے کہا کہ پاکستان عالمی جنگوں اور تیل کی قیمتوں کو کنٹرول نہیں کر سکتا، لیکن جدید ریفائنریوں، خام تیل کے متبادل ذرائع اور اسٹریٹجک پیٹرولیم ذخائر کے ذریعے اپنی کمزوری ضرور کم کر سکتا ہے۔ مختلف اقسام کا خام تیل صاف کرنے کی صلاحیت پاکستان کو جغرافیائی سیاسی بحرانوں کے دوران زیادہ لچک فراہم کرے گی۔ انہوں نے وزیراعظم میاں شہباز شریف اور وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کو طویل پالیسی تعطل ختم کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ 6 ارب ڈالر کی متوقع سرمایہ کاری، معاہدوں پر دستخط، غیر ملکی فنانسنگ اور منصوبوں کی عملی تکمیل کے بعد ہی حقیقت بنے گی۔ میاں زاہد حسین نے اس ضرورت پر زور دیا کہ حکومت ٹیکس، پالیسیوں میں طویل مدتی استحکام، اور کاروبار دوست ماحول یقینی بنائے اس کے ساتھ ساتھ تمام مراعات کو سرمایہ کاری، پیداوار اور تکمیل کے اہداف سے مشروط کرے۔ آزادانہ نگرانی کے ذریعے یقینی بنایا جائے کہ ٹیرف تحفظ صرف پلانٹس کی اپ گریڈیشن کے لیے استعمال ہو اور صارفین پر بلاجواز بوجھ نہ بنے۔ انہوں نے کہا کہ بروقت عمل درآمد سے ہنرمند روزگار، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور ماحولیاتی معیار بہتر ہوگا، جبکہ مزید تاخیر پاکستان کو درآمدی مہنگائی اور مستقبل کے جغرافیائی سیاسی جھٹکوں کے مقابل غیر محفوظ رکھے گی۔



