خواتین کی انشورنس تک رسائی اور صارفین کا تحفظ ترجیح ہے، چیئرمین ایس ای سی پی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 ستمبر2026ء) خواتین کو انشورنس کی سہولیات تک بہتر رسائی فراہم کرنے کے لیے جامع پالیسی کی تیاری پر سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے عالمی اع

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 ستمبر2026ء) خواتین کو انشورنس کی سہولیات تک بہتر رسائی فراہم کرنے کے لیے جامع پالیسی کی تیاری پر سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے عالمی اعزاز حاصل کر لیا۔ ایس ای سی پی کی مجوزہ پالیسی کو آکسفورڈ یونیورسٹی میں منعقدہ ویمنز ورلڈ بینکنگ پروگرام کے دوران آؤٹ اسٹینڈنگ پالیسی ایوارڈ دیا گیا۔ ویمنز ورلڈ بینکنگ پروگرام میں 16 ممالک کی ٹیموں نے شرکت کی، جہاں ایس ای سی پی کی جانب سے خواتین کے لیے انشورنس تک رسائی بڑھانے کے لیے تیار کی گئی پالیسی کو نمایاں پذیرائی حاصل ہوئی ۔ایس ای سی پی کے مطابق مجوزہ پالیسی کا بنیادی مقصد خواتین کے لیے انشورنس مصنوعات تک رسائی میں اضافہ، مالی تحفظ کو بہتر بنانا اور انشورنس شعبے میں خواتین کی شمولیت کو فروغ دینا ہے۔ پاکستان میں تقریباً 11 کروڑ 70 لاکھ خواتین کے لیے انشورنس کے شعبے میں وسیع امکانات موجود ہیں۔ پالیسی کے تحت انشورنس کمپنیوں کو خواتین کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے کم از کم دو خصوصی انشورنس مصنوعات متعارف کرانے کی تجویز دی گئی ہے۔مجوزہ پالیسی پر عملدرآمد کی صورت میں ابتدائی طور پر تقریباً 15 لاکھ خواتین لائف انشورنس پالیسی ہولڈرز کو فائدہ پہنچنے کی توقع ہے، جبکہ مستقبل میں انشورنس کی سہولت سے مستفید ہونے والی خواتین کی تعداد میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔ ایس ای سی پی کے مطابق خواتین کے لیے مخصوص انشورنس مصنوعات متعارف کرانے کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹل ذرائع کے ذریعے انشورنس خدمات تک رسائی بھی بڑھائی جائے گی، تاکہ خواتین آسان اور مؤثر انداز میں مالی تحفظ حاصل کر سکیں۔چیئرمین ایس ای سی پی ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے عالمی اعزاز کو ادارے کی پالیسی سمت کی توثیق قرار دیتے ہوئے کہا کہ خواتین کی انشورنس تک رسائی بڑھانا اور صارفین کا مؤثر تحفظ ایس ای سی پی کی ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ خواتین کے لیے مالی تحفظ کے مواقع بڑھانے اور انشورنس مارکیٹ کو مزید جامع بنانے کے لیے پالیسی اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔



