کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اگست2026ء) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں گزشتہ کاروباری ہفتے کے دوران مجموعی طور پر منفی رجحان رہا اورکے ایس ای ہنڈرڈ انڈیکس 2 ہزار 938 پوائنٹس کی کمی کے بعد 1 لاکھ 77 ہزار 166 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔ہفتہ وار کاروباری رپورٹ کے مطابق حصص بازار میں کاروباری ہفتے کے دوران کے ایس ای ہنڈرڈ انڈیکس کی بلند ترین سطح 1 لاکھ 81 ہزار 158 پوائنٹس جبکہ کم ترین سطح 1 لاکھ 76 ہزار 110 پوائنٹس رہی۔ یوں انڈیکس مجموعی طور پر 5 ہزار 48 پوائنٹس کے بینڈ میں کاروبار کرتا رہا۔رپورٹ کے مطابق ہفتے کے دوران سرمایہ کاروں کی جانب سے محتاط رویہ اختیار کیے جانے کے باعث مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آیا، جس کے نتیجے میں اختتام ہفتہ پر مجموعی طور پر منفی رجحان غالب رہا۔ حصص بازار میں ایک ہفتے کے دوران 4 ارب 22 کروڑ شیئرز کے سودے ہوئے جن کی مجموعی مالیت 205 ارب روپے رہی۔ دوسری جانب پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں بھی ہفتے کے دوران کمی ریکارڈ کی گئی۔ مارکیٹ کی مجموعی مالیت 247 ارب روپے کم ہوکر 19 ہزار 882 ارب روپے رہ گئی۔ماہرین کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کے دوران سرمایہ کاروں کی جانب سے مختلف شعبوں کے حصص میں خرید و فروخت کا رجحان جاری رہا، تاہم کاروباری ہفتے کے مجموعی اختتام پر مارکیٹ منفی زون میں رہی۔