صوبائی وزیر صنعت وتجارت کی زیر صدارت پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن ممبران کا اجلاس،انٹرنیشنل سرٹیفیکیشن بارے معاہدے کی توثیق کی گئی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2026ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کے ممبران کا اجلاس پیسک ہائوس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں انٹرنیشنل سرٹیفیکی

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2026ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کے ممبران کا اجلاس پیسک ہائوس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں انٹرنیشنل سرٹیفیکیشن کے حوالے سے پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن اور عالمی اداروں کے مابین اشتراک کے امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن اور برطانوی ادارے سائنس انڈسٹری ایسوسی ایٹ سروسز کے مابین انٹرنیشنل سرٹیفیکیشن کے حوالے سے معاہدے کی توثیق کی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن انٹرنیشنل سرٹیفیکیشن کے فروغ کےلئے دیگر بین الاقوامی اداروں کے ساتھ بھی معاہدے کرے گا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبے کی تاریخ میں پہلی بار پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن اور برطانوی ادارے کے مابین انٹرنیشنل سرٹیفیکیشن کے حوالے سے معاہدہ ہوا ہے۔ انٹرنیشنل سرٹیفیکیشن سے فنی تعلیم کے معیار میں مزید بہتری آئے گی اور ہنرمند افرادی قوت کیلئے عالمی سطح پر روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوگا۔ چوہدری شافع حسین نے کہا کہ بیرون ملک عالمی اداروں سے سرٹیفائیڈ ہنرمند افرادی قوت کی طلب بہت زیادہ ہے۔ یہ معاہدہ ہنرمند افرادی قوت کی قانونی طریقے سے بیرون ملک فراہمی میں معاون ثابت ہوگا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ معاہدے پر عملدرآمد کےلئے تمام قانونی تقاضے اور قواعد و ضوابط مکمل کیے جائیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل معیاری فنی تعلیم کے فروغ سے وابستہ ہے۔ نوجوانوں کو مختلف فنون کی تربیت فراہم کرکے انہیں بااختیار بنایا جاسکتا ہے۔ وزیراعلی پنجاب کا سکل ڈویلپمنٹ پر خصوصی فوکس ہے اور ان کی ہدایت پر ٹیکنیکل ایجوکیشن کے متعدد اداروں کو اپ گریڈ کیا گیا ہے جبکہ ٹیوٹا کے اداروں کی لیبز بھی فراہم کردہ فنڈز سے اپ گریڈ کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن میں جامع اصلاحات کی گئی ہیں۔ امتحانی پرچوں کی مارکنگ اور عملی امتحانات کے عمل کو ڈیجیٹلائز کردیا گیا ہے جس سے امتحانی نظام میں مزید شفافیت آئے گی۔ صوبائی وزیر نے پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کی ویب سائٹ کو بھی اپ گریڈ کرنے کی ہدایت کی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن میں جاب پورٹل پوری طرح فعال ہے مقامی انڈسٹری اور انٹرنیشنل مارکیٹ جاب پورٹل کے ذریعے ضرورت کے مطابق ہنرمند افرادی قوت حاصل کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہوٹل مینجمنٹ اور ٹورازم بڑی انڈسٹری ہے اور اس شعبے کیلئے ہنرمند افرادی قوت کی تیاری پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ چیئرمین پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن ڈاکٹر فیصل محمود نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بورڈ کے امتحانی نظام سے فنی تعلیم کے1171 ادارے منسلک ہیں۔ درخواستوں کے آن لائن پورٹل اور ون ونڈو آپریشن کی سہولت کو مزید بہتر بنایا جارہا ہے جبکہ آن لائن ادائیگیوں کیلئے یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ کے ساتھ معاہدہ کیا گیا ہے۔ امتحانات میں شریک طلبہ کی رول نمبر سلپس پر کیو آر کوڈ بھی متعارف کرایا گیا ہے۔ اجلاس میں سیکرٹری بورڈ چوہدری محمد حفیظ اور دیگر بورڈ ممبران نے شرکت کی جبکہ بعض بورڈ ممبران نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔



