لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2026ء) لاہور ٹیکس بار نے فیڈرل بورڈ آف ریو نیو کے آن لائن ٹیکس سسٹم آئرس میں درپیش قانونی، تکنیکی اور آپریشنل مسائل فوری حل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ ٹیکس سال 2026 کا حتمی انکم ٹیکس ریٹرن فارم فوری نوٹیفائی کیا جائے،سیکشن 114(6) کے تحت ریٹرن میں ترمیم اور فارم 181 کے ذریعے رجسٹریشن تفصیلات میں تبدیلی کی سہولت فوری بحال کی جائے۔ لاہور ٹیکس بار کے صدر رانا ثاقب منیر، جنرل سیکرٹری محمد فاروق گجر اور دیگر عہدیداران نے انکم ٹیکس گوشوارے کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کیا۔اس موقع پر پاکستان ٹیکس بار کے صدر احسان الحق شیخ اور پیٹرن رانا منیر حسین سمیت ٹیکس ماہرین اور دیگر بھی موجود تھے ۔ مقررین نے کہا کہ فائلنگ سیزن میں آئرس میں اچانک تبدیلیاں ٹیکس پریکٹیشنرز اور ٹیکس دہندگان کے لیے مشکلات پیدا کر رہی ہیں،ویلتھ اسٹیٹمنٹس میں پہلے سے ظاہر جائیدادوں کی دوبارہ انٹری، پرانی گاڑیوں کے چیسیس نمبرز اور غیر ضروری ویلیڈیشنز ختم کی جائیں،نان ریزیڈنٹ ٹیکس دہندگان پر غیر متعلقہ ویلیڈیشنز کے باعث پیدا ہونے والے تضادات بھی دور کیے جائیں،سیکشن 153 اور 235 کے تحت آٹو فیچ ٹیکس ڈیٹا کی درستگی، ریکنسیلی ایشن اور ریفنڈ درخواستوں کا نظام موثر بنایا جائے۔ انہوںنے مزید کہا کہ ہر کامیاب فائلنگ پر قابل پرنٹ ایکنالجمنٹ جبکہ ایکسل/سی ایس وی کے ذریعے بلک اپ لوڈ کی سہولت فراہم کی جائے ۔لاہور ٹیکس بار کے عہدیدیداروں نے او پیز اور پارٹنرشپس کی فائلنگ میں غیر ضروری پابندیاں ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ آئرس میں کسی بھی تبدیلی سے قبل ٹیکس پریکٹیشنرز سے مشاورت، مکمل ٹیسٹنگ اور پیشگی اطلاع یقینی بنائی جائے۔