ایشیا ء میں آرگینک فارمنگ سے وابستہ کاشتکاروں کی تعداد 27 لاکھ سے متجاوز
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2026ء) آرگینک خوراک اور مصنوعات پر ریسرچ کرنے والے ادارے کے سربراہ نجم مزاری نے کہا ہے کہ ایشیا ء میں آرگینک فارمنگ سے وابستہ کاشتکاروں کی تعداد 27 لاکھ سے تجاوز کر

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2026ء) آرگینک خوراک اور مصنوعات پر ریسرچ کرنے والے ادارے کے سربراہ نجم مزاری نے کہا ہے کہ ایشیا ء میں آرگینک فارمنگ سے وابستہ کاشتکاروں کی تعداد 27 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے،عالمی سطح پر معروف تحقیقی اداروں کے نیٹ ورک ایف آئی بی ایل کی رپورٹ کے مطابق ایشیا ء میں 2024 کے دوران 87 لاکھ ہیکٹر سے زائد رقبہ آرگینک مینجمنٹ کے تحت تھا جس میں بھارت تقریباً 39.7 لاکھ اور چین 35.9 لاکھ ہیکٹر کے ساتھ نمایاں رہے،مطالبہ ہے کہ وفاقی اور صوبائی سطح پر بیج تیار کرنے والے سرکاری ادارے بیجوں کی تیاری کے مجموعی ہدف میں کم از کم 10فیصد حصہ آرگینک بیجوں کے لئے مختص کریں۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ معیاری اور تصدیق شدہ آرگینک بیج دستیاب نہ ہونے کے باعث پاکستان میں کاشتکاروں کو آرگینک زراعت کی طرف منتقل ہونے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ تجویز ہے کہ نجی بیج کمپنیوں کو بھی آرگینک بیج کی تحقیق، پیداوار اور مارکیٹنگ کی طرف راغب کرنے کے لئے ٹیکسوں میںرعایت، آسان قرضے اور دیگر مراعات دی جائیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت آرگینک خوراک کی پیداوار کے لئے الگ سرٹیفکیشن، ٹیسٹنگ اور ٹریس ایبلٹی کا موثر نظام قائم کرے تاکہ ملکی مصنوعات عالمی منڈیوں میں اعتماد کے ساتھ برآمد کی جا سکیں۔ صوبائی سطح پر آرگینک کلسٹرز قائم کرکے کاشتکاروں کو تربیت، تکنیکی معاونت اور مارکیٹنگ کی سہولیات فراہم کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ آرگینک زراعت کو محض صحتمند خوراک کے تصور تک محدود رکھنے کی بجائے اسے برآمدات، دیہی روزگار، زمین کی صحت اور زرعی معیشت کی بہتری سے جوڑا جائے۔نجم مزاری نے زور دیا کہ پاکستان کو بھارت اور چین سمیت خطے کے ممالک کے تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے قومی آرگینک ایگریکلچر پالیسی تشکیل دینی چاہیے۔اگر بروقت حکمت عملی اختیار کی جائے تو پاکستان آرگینک خوراک اور مصنوعات کی بڑھتی ہوئی عالمی طلب میں اپنا حصہ نمایاں طور پر بڑھا سکتا ہے۔



