فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2026ء) چیف کمشنر اِن لینڈ ریونیو فیصل آباد ڈاکٹر شاہ خان نے کہا ہے کہ فکسڈ انکم ٹیکس کی سکیم بزنس کمیونٹی کی مشاورت سے تیار کی گئی ہے جبکہ اس پر عملدرآمد رضا کارانہ ہوگا اور یہ تاجروں کی اپنی مرضی ہو گی کہ وہ اس سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں یا نہیں۔ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری میں شہر بھر کی تاجر تنظیموں کے نمائندوں سے ایک میٹنگ میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ سکیم تاجروں کے مطالبے پر نافذ کی گئی ہے جس میں 20کروڑ سے کم آمدنی والا ہر تاجر فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے تحت کم از کم ٹیکس 25ہزار روپے ہو گا جس کی ادائیگی پر دکاندار کو اپنی دوکان پر لگانے کیلئے تختی دی جائے گی جس کے بعد انکم ٹیکس کا کوئی اہلکار اس دوکان میں داخل نہیں ہوگا۔ مزید برآں وہ آڈٹ سے مستثنیٰ ہوگا جبکہ اُن کیلئے ٹرن اوور ٹیکس کی شرح بھی کم ہو گی۔ انہوں نے وضاحت کی کہ جو تاجر اس سکیم سے فائدہ نہیں اٹھانا چاہتا وہ اپنی مرضی سے فیصلہ کر سکتا ہے تاہم انہوں نے کہا کہ اس سکیم کے غلط استعمال پر سخت کارروائی ہو گی۔ اس سے قبل فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر فاروق یوسف شیخ نے کہا کہ چیف کمشنر اس سکیم کو متعارف اور کامیاب بنانے میں ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں یہی وجہ ہے کہ انہوں نے خود فون کر کے اس سکیم بارے تقریب رکھنے کی استدعا کی۔ انہوں نے کہا کہ آج کی اس میٹنگ میں شہر کی تمام چھوٹی تاجر تنظیموں کے نمائندوں کو مدعو کیا گیا ہے تاکہ انہیں اس سکیم کے فوائد کا علم ہو اور وہ اس بارے میں اپنے متعلقہ تاجروں کو بھی آگاہ کر سکیں۔ انہوں نے بزنس کمیونٹی کو معیشت کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیا اور کہا کہ اِن کے بارے میں منفی تاثر کو زائل کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ معیشت کا پہیہ چلانے میں اُن کا کردارمرکزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکموں اور بزنس کمیونٹی کے درمیان باہمی اعتماد کو فروغ دینے کی ضرورت ہے کیونکہ ہم سب کے مقاصد پاکستان کی ترقی ہے اور اس کیلئے ہمیں مل جل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ انکم ٹیکس حکام کو محاصل جمع کرنے کیلئے خوف و ہراس پھیلانے کی بجائے دوستانہ ماحول میں فرائض ادا کرنے ہوں گے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ بزنس کمیونٹی کی طرف سے انہیں ہمیشہ مثبت جواب ملے گا۔ فیس لیس سکیم کے حوالے سے فاروق یوسف شیخ نے کہا کہ بعض اوقات ای انوائس ایک کی بجائے غلطی سے کئی بن جاتی ہیں اِ س کا فوری اندازہ بھی ہو جاتا ہے مگر اِن کے بارے میں محکمے کی طرف سے جلد جواب نہیں آتا اس لیے کسی بھی نئے نظام کو مکمل طور پر یکدم نافذ کرنے کی بجائے اس پر بتدریج عمل کیا جائے۔ کمشنر انکم ٹیکس بلا ل احمد نے چھوٹے تاجروں کیلئے فکسڈ انکم ٹیکس سکیم کے بارے میں تفصیلا ً آگاہی دی اور شرکاء کے سوالوں کے جواب بھی دئیے۔ آخر میں سینئر نائب صدر نوید اکرم شیخ نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ صدر فاروق یوسف شیخ نے کمشنر ڈاکٹر شاہ خان کو چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی اعزازی شیلڈ جبکہ دیگر افسران کو تحائف اور چیمبر کی 50سالہ سالگرہ کے سلسلہ میں خصوصی کالر پن لگائیں۔ اس موقع پر سابق صدر رانا محمد سکندر اعظم، سابق سینئر نائب صدر قیصر شمس گچھا، ایگزیکٹو ممبر ز وحید خالق رامے، شاہد مجید، سابق سینئر نائب صدر چوہدری طلعت محمود، رانا اکرام اللہ، میاں محمد تنویر، محمد اسلم بھلی، حاجی محمد فاضل، سہیل پرویز کموکا، نصیر وہرہ اور دیگر تاجر راہنما بھی موجود تھے۔