کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2026ء) کراچی تاجر الائنس کے چیئرمین و بانی عام آدمی پاکستان ایاز میمن موتی والا نے یومِ آزادی کے موقع پر اہلِ وطن کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان صرف ایک خطہ نہیں بلکہ ہماری پہچان، محبت اور آنے والی نسلوں کی امانت ہے، جس کے قیام کے لیے ہمارے بزرگوں نے بے مثال قربانیاں دیں اور لاکھوں افراد نے ہجرت کی صعوبتیں برداشت کیں۔ ایاز میمن موتی والا نے کہا کہ 14 اگست ہمیں صرف آزادی کی خوشی منانے کا موقع فراہم نہیں کرتا بلکہ یہ دن ہمیں اپنی قومی ذمہ داریوں کا احساس بھی دلاتا ہے۔ وطن کی سلامتی، خودمختاری، ترقی، خوشحالی اور وقار کو یقینی بنانا ہر پاکستانی کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ہمیں آزادی کی نعمت کی قدر کرتے ہوئے ملک کو مضبوط اور مستحکم بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاک فوج، سکیورٹی اداروں اور دیگر شہدائ کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔ ان عظیم قربانیوں کا بہترین خراجِ عقیدت یہی ہے کہ ہم پاکستان کو امن، اتحاد، انصاف اور معاشی استحکام کا گہوارہ بنائیں اور قومی مفاد کو ذاتی اور گروہی مفادات پر ترجیح دیں۔ایاز میمن موتی والا نے کہا کہ یومِ آزادی کے موقع پر ہمیں اپنے درمیان موجود اختلافات اور نفرتوں کو ختم کرکے دلوں کو جوڑنے اور قومی یکجہتی کو فروغ دینے کا عہد کرنا ہوگا۔ پاکستان کی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ تمام طبقات ایک دوسرے کا احترام کریں اور باہمی تعاون کے ساتھ ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ جشنِ آزادی کی خوشیوں میں کشمیری عوام کو بھی فراموش نہیں کرنا چاہیے، جو کئی دہائیوں سے اپنے حقِ آزادی کے لیے جدوجہد اور قربانیاں دے رہے ہیں۔ کشمیر کی آزادی کی دعا اور کشمیری عوام کی اخلاقی حمایت کے بغیر جشنِ آزادی کی خوشیاں ادھوری ہیں۔ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا۔انہوں نے کہا کہ یومِ آزادی مایوسی پھیلانے کا نہیں بلکہ امید، عزم اور حوصلے کو فروغ دینے کا دن ہے۔ ہمیں یقین اور محنت کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا کہ دیانت داری، قومی یکجہتی، محنت اور مشترکہ جدوجہد کے ذریعے پاکستان کو ایک مضبوط، خودمختار، پرامن اور خوشحال ملک بنایا جاسکتا ہے۔ ایاز میمن موتی والا نے کہا کہ ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے آج سے ہی ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ تعلیم، معیشت، روزگار، امن اور انصاف کے شعبوں میں بہتری کے لیے اجتماعی کوششیں کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے اہلِ وطن پر زور دیا کہ 14 اگست کے موقع پر یہ عہد کیا جائے کہ پاکستان کی محبت کو ہر اختلاف سے بالاتر رکھا جائے گا، نفرتوں کے بجائے اتحاد کو فروغ دیا جائے گا، ایک دوسرے کا ہاتھ تھاما جائے گا اور آنے والی نسلوں کو ایسا پاکستان دیا جائے گا جس پر وہ فخر کرسکیں۔