لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2026ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں یومِ آزادی کے موقع پر پروقار پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی۔ صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمن سہگل نے، سینئر نائب صدر تنویر احمد شیخ , نائب صدر خرم لودھی اور چیف گیسٹ سینیٹر شاہین خالد بٹ کے ہمراہ قومی پرچم لہرایا۔ تقریب میں پاکستان کی آزادی کی خوشیوں کے ساتھ ملک کی حالیہ اہم سفارتی و دفاعی پیش رفت، خصوصاً مکہ مکرمہ میں ہونے والے مشترکہ دفاعی معاہدے پر بھی خصوصی طور پر اظہارِ خیال کیا گیا۔ تقریب میں سابق صدر لاہور چیمبر و ایف پی سی سی آئی میاں انجم نثار، سابق صدر محمد علی میاں، سابق سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان، نصراللہ مغل اور ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین فردوس نثار، آمنہ رندھاوا، احد امین ملک، عامر علی، عمر سرفراز، عبدالمجید، عمران سلیمی، شیخ محمد فیاض، ندیم انصاری اور عرفان احمد قریشی بھی موجود تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ پاکستان کی آزادی اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے اور یومِ آزادی ہمیں اپنے قومی تشخص، خودمختاری اور آزادی کی حفاظت کے عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان ایک مضبوط، خودمختار اور ذمہ دار ریاست کے طور پر دنیا میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے اور ہمیں قومی اتحاد کے ذریعے ملک کو مزید مضبوط بنانا ہوگا۔فہیم الرحمن سہگل نے مکہ مکرمہ میں ہونے والے مشترکہ دفاعی معاہدے کو پاکستان اور برادر اسلامی ممالک کے درمیان تعاون کے حوالے سے ایک اہم اور تاریخی پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ مسلم ممالک کے درمیان باہمی اعتماد، دفاعی تعاون اور اجتماعی سلامتی کے عزم کو مزید مضبوط کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ بدلتی ہوئی عالمی صورتحال میں اسلامی ممالک کا ایک دوسرے کے ساتھ کھڑا ہونا انتہائی اہم ہے اور پاکستان ہمیشہ برادر اسلامی ممالک کے ساتھ مضبوط تعلقات اور باہمی تعاون کا خواہاں رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ مکہ مکرمہ مشترکہ دفاعی معاہدہ صرف دفاعی تعاون تک محدود نہیں بلکہ یہ برادر اسلامی ممالک کے درمیان یکجہتی، باہمی اعتماد اور مشترکہ مفادات کے تحفظ کے عزم کی بھی عکاسی کرتا ہے۔ پاکستان کی دفاعی صلاحیت، پیشہ ورانہ افواج اور برادر ممالک کے ساتھ تعاون خطے میں امن و استحکام کے لیے مثبت کردار ادا کر سکتا ہے۔صدر لاہور چیمبر نے کہا کہ یومِ آزادی کے موقع پر ہمیں اس حقیقت کو بھی سمجھنا ہوگا کہ آج کے دور میں مضبوط دفاع کے ساتھ مضبوط معیشت بھی قومی سلامتی کی بنیادی ضرورت ہے۔ معاشی خودمختاری کے بغیر کسی بھی ملک کی آزادی اور خودمختاری مکمل نہیں ہو سکتی۔ پاکستان کو صنعتی پیداوار، برآمدات، سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع میں اضافہ کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری پاکستان کی معاشی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ کاروباری ماحول کو مزید بہتر بنائے، کاروبار کرنے کی لاگت کم کرے، پالیسیوں میں تسلسل یقینی بنائے اور نجی شعبے کو ترقی کے لیے سازگار ماحول فراہم کرے۔ انہوں نے کہا کہ مضبوط معیشت ہی پاکستان کو عالمی سطح پر مزید باوقار مقام دلا سکتی ہے۔فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان ہمارا سب سے بڑا سرمایہ ہیں اور انہیں جدید تعلیم، ہنر اور روزگار کے مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ لاہور چیمبر ملکی معیشت کے استحکام، صنعت و تجارت کے فروغ، برآمدات میں اضافے اور سرمایہ کاری کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔ چیف گیسٹ سینیٹر شاہین خالد بٹ نے یومِ آزادی پر قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی آزادی بے شمار قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی اتحاد، مضبوط دفاع اور معاشی ترقی ہی پاکستان کو ایک مضبوط اور خوشحال ملک بنا سکتے ہیں۔ انہوں نے مکہ مکرمہ مشترکہ دفاعی معاہدے کو بھی مسلم ممالک کے باہمی تعاون اور اجتماعی سلامتی کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا۔ سینئر نائب صدر تنویر احمد شیخ اور نائب صدر خرم لودھی نے بھی یومِ آزادی کے موقع پر قوم کو مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ہر پاکستانی کو اپنی ذمہ داری پوری کرنا ہوگی۔ پاکستان کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر قومی مفاد میں متحد ہو کر کرنا ہوگا۔ انہوں نے کاروباری برادری کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ صنعت و تجارت کا فروغ ملکی معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے انتہائی اہم ہے۔تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، خودمختاری، معاشی ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ شرکاء نے پاکستان زندہ باد کے نعروں کے ساتھ قومی یکجہتی، مضبوط دفاع، معاشی استحکام اور پاکستان کی ترقی کے عزم کا اعادہ کیا۔