وزیر اعلیٰ پنجاب آئندہ ماہ نجی شعبہ کیلئے 1.9ٹریلین کی فنانسنگ کی سہولتوں کا اعلان کریں گی، عمران خاور صدیقی
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2026ء) پنجاب کی پائیدار ترقی کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز آئندہ ماہ ایس ایم ای سیکٹر سمیت نجی شعبہ کیلئے 1.9ٹریلین کی فنانسنگ کی سہولتوں کا اعلان کریں

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2026ء) پنجاب کی پائیدار ترقی کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز آئندہ ماہ ایس ایم ای سیکٹر سمیت نجی شعبہ کیلئے 1.9ٹریلین کی فنانسنگ کی سہولتوں کا اعلان کریں گی جبکہ نئی صنعتوں کے قیام کیلئے مالکانہ بنیاد پر سستی زمین دینے کی بجائے لیز کا ماڈل متعارف کرایا جائے گا۔ یہ بات وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشیر برائے گلوبل انوسٹمنٹ گیٹ وے عمران خاور صدیقی نے جمعہ کو فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب اور وزیر اعلیٰ کا واضح موقف ہے کہ کاروبار کرنا حکومت کا کام نہیں بلکہ حکومت ریگولیٹر کی بجائے سہولت کار کا کردار ادا کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم بزنس دوست ماحول مہیا کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ اس مقصد کیلئے صوبائی حکومت تیزی سے کام کر رہی ہے اور وزیر اعلیٰ پنجاب ستمبر کے پہلے ہفتہ میں خود نجی شعبہ کیلئے جامع مراعات کا اعلان کریں گی جس کے تحت 1.9ٹریلین کی فنانسنگ کی سہولتیں دی جائیں گی۔ اِس میں ایس ایم ای سیکٹر کیلئے 10کروڑ روپے تک کی فنانسنگ بھی شامل ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ عام طور پر بینک کریڈٹ کی فراہمی کیلئے سیکورٹی مانگتے ہیں جس سے ان سکیموں کا بنیادی مقصد ہی فوت ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سکیم سیکورٹی کے بغیر، کم شرح سود پر فنانسنگ کو یقینی بنائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ کاروبار کیلئے آسانیاں فراہم کرنے کے بزنس کمیونٹی کے مطالبے کو بھی پورا کرے گی۔ عمران خاور صدیقی نے کہا کہ حکومت کے مطابق اس وقت نئی صنعتوں یا کاروبار کیلئے 50سے زائد لائسنس درکار ہیں جن کو کم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 20سپیشل اکنامک زونز ہیں جبکہ فیصل آباد میں فیڈمک کے زیر اہتمام مختلف صنعتی علاقے قائم ہیں جن میں زمین خریدنے پر بھاری سرمایہ خر چ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ زمین کی ملکیت کی بجائے لیز پر دینے کا طریقہ متعارف کر ا رہے ہیں جبکہ صوبائی کابینہ بھی اِس کی منظوری دے چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سکیم فیصل آباد سمیت 5بڑے شہروں میں شروع کی جائے گی۔ اس کا اعلان بھی وزیر اعلیٰ پنجاب خود کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری جھگڑے طے کرنے کیلئے عدالتی طریقہ کار کی بجائے ثالثی کا نظام متعارف کرایا جائے گا جس سے نہ صرف مقامی سرمایہ کاروں کے مسائل کم ہوں گے بلکہ غیر ملکی سرمایہ کاری کی راہ بھی ہموار ہو گی۔ انہوں نے ملکی معیشت میں فیصل آباد کے کردار کو سراہا اور کہا کہ یہ شہر صرف ٹیکسٹائل کی مجموعی برآمدات میں 57فیصد کا حصہ ڈال رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد چیمبر نے حکومت اور نجی شعبہ کے درمیان پل کا کردار انتہائی ذمہ داری سے ادا کیا ہے جبکہ کار خیر اور عوامی بھلائی کے کاموں میں بھی مقامی بزنس کمیونٹی کا کردار قابل تعریف ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب بہت جلد فیصل آباد کی خدمات کے اعتراف کیلئے یہاں کا دورہ کریں گی۔ اس سے قبل عمران خاور صدیقی کا خیر مقدم کرتے ہوئے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر فاروق یوسف شیخ نے کہا کہ فیصل آباد ٹیکسٹائل سٹی سے اب کثیر الجہتی صنعتوں کا محورو مرکز بن چکا ہے۔ جہاں ڈیری، کنفکشنری، موبائل فون، ٹائلز، آٹو، کیمیکلز اور فارماسوٹیکل سمیت کئی نئی صنعتیں کام کر رہی ہیں جو برآمد ات میں بھی اپنا حصہ ڈال رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد چیمبر پہلے صرف بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل تک محدود تھا تاہم اب ہم پورے شہر کی آواز بن چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا روڈ میپ بہت واضح ہے۔ حکومت اور سرکاری محکموں کی طرح ہم بھی ملک کی ترقی کے خواہاں ہیں اس لیے ہم سب کو ایک پیچ پر ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد ملک کا تیسرا اور پنجاب کا دوسرا بڑا شہر ہے لیکن یہاں سے کوئی بین الاقوامی پرواز نہیں تھی۔ چیمبر نے صرف مسائل کی نشاندہی نہیں کی بلکہ اُن کے حل کیلئے قابل عمل تجاویز اور لائحہ عمل بھی دیا جس کی وجہ سے اب یہاں سے براہ راست پروازیں آ اور جا رہی ہیں ۔ اس طرح چیمبر کی درخواست پر وفاقی وزیر مذہبی امور نے فوری طور پر یہاں سے براہ راست حج پروازیں شروع کرنے کا اعلان کیا۔ روڈ انفراسٹرکچر کیلئے بھی چیمبر نے آواز اٹھائی جس پر کمشنر فیصل آباد نے گزشتہ رات کو ہی چیمبر کے باالمقابل ریمپ کا افتتاح کیا۔ قدرتی آفات کے دوران بھی چیمبر نے کلیدی کردار ادا کیا جبکہ خراب فائر فائٹنگ گاڑیوں میں سے 6کی مرمت کی ذمہ داری ہم نے لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری برآمدات 30 ارب ڈالر پررکی ہوئی ہیں کیونکہ ہم نے برآمدات میں حصہ ڈالنے والوں کی خدمات کا اعتراف نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ 39ارب کے تجارتی خسارے کے ساتھ ہم کس طرح ترقی کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی سبسڈی نہیں صرف کاروبار ی آسانیاں چاہتی ہیں۔ اگر وہ فراہم کر دی جائیں تو ہم آپ کو چھکے اور چوکے لگا کے دکھائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 32 محکمے صنعتوں کو چلنے نہیں دے رہے۔ اس کے ذریعے ہوائی ٹیکس لیا جاتا ہے جس سے ملک و قوم کو کوئی فائدہ نہیں ہوتا بلکہ صرف چند لوگ فیض یاب ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری خدمات کے باوجود نہ تو وزیر اعظم اور نہ ہی وزیر اعلیٰ نے فیصل آباد چیمبر کا دورہ کیا۔آپ ہماری باتیں وزیر اعلیٰ تک پہنچائیں۔ انہیں بتائیں کہ ہم نے حکومت کے ہر اچھے کام کی تعریف کی ہے۔ صنعتوں کو آسان اور سستے قرضے دیں تاکہ 55فیصد نوجوانوں کو روزگار مہیا کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سے درخواست ہے کہ وہ حقیقی سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیں۔ ایس ایم ای سیکٹر کو ترجیحی بنیادوں پر قرضے دیے جائیں، نئے سرمایہ کاروں کیلئے ون ونڈو کی سہولت متعارف کرائی جائے، کاروباری آسانیاں پیدا کی جائیں اور بزنس کمیونٹی بارے سرکاری سوچ اور رویوں کو تبدیل کیا جائے۔ آخر میں سابق صدر رانا محمد سکندر اعظم خاں نے مہمانوں کا شکریہ اد اکیا۔ اس موقع پر میاں محمد طیب، حافظ محمد شفیق کاشف، اشرف مغل اور دیگر ممبران بھی موجود تھے۔ بعد میں صدر فاروق یوسف شیخ نے عمران خاور صدیقی کو کالر پن لگائی اور فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی اعزازی شیلڈ پیش کی۔ انہوں نے چیمبر کی مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کئے۔



