صدر فیصل آباد وومن چیمبرکی یومِ آزادی پاکستان کے موقع پر قوم کو مبارکباد
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2026ء) صدر فیصل آباد وومن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری شاہدہ آفتاب اور بانی صدر محترمہ روبینہ امجد نے یومِ آزادی پاکستان کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہ

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2026ء) صدر فیصل آباد وومن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری شاہدہ آفتاب اور بانی صدر محترمہ روبینہ امجد نے یومِ آزادی پاکستان کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ 14 اگست ہمیں اپنے بزرگوں کی لازوال قربانیوں، جدوجہد اور پاکستان کے قیام کے مقصد کی یاد دلاتا ہے۔ آزادی ایک عظیم نعمت ہے اور اس کی حفاظت، استحکام اور ترقی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو حاصل کیے ہوئے 79 برس مکمل ہو چکے ہیں۔ ہمیں اس موقع پر صرف جشن منانے کے بجائے گزشتہ برسوں کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے یہ عہد کرنا چاہیے کہ ہم اپنے ملک کو معاشی طور پر مضبوط، خودمختار اور ترقی یافتہ بنانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین پاکستان کی معاشی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہیں۔ فیصل آباد کی کاروباری خواتین، صنعت کار اور پروفیشنل خواتین ملک کی معیشت میں اپنا حصہ ڈال رہی ہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ خواتین کے لیے کاروبار شروع کرنے اور اسے وسعت دینے کے عمل کو آسان بنائے اور آسان قرضوں، جدید ٹیکنالوجی، مارکیٹ تک رسائی، تربیت اور برآمدی مواقع فراہم کرے۔بانی صدر فیصل آباد وومن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری روبینہ امجد نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل نوجوان نسل اور باصلاحیت خواتین سے وابستہ ہے۔ ہمیں نوجوانوں کو معیاری تعلیم، ہنر، روزگار اور کاروباری مواقع فراہم کرنا ہوں گے تاکہ وہ ملک کی معاشی ترقی میں اپنا مؤثر کردار ادا کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ فیصل آباد پاکستان کا ایک اہم صنعتی اور تجارتی مرکز ہے، خصوصاً ٹیکسٹائل اور وومن انٹرپرینیورشپ کے حوالے سے یہاں بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔ خواتین کو کاروباری سرگرمیوں میں مزید شامل کر کے نہ صرف خاندانوں بلکہ ملکی معیشت کو بھی مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔ صدر اور بانی صدرنے مشترکہ طور پر کہا کہ 14 اگست ہمیں اتحاد، ایمان، نظم و ضبط اور قومی یکجہتی کا پیغام دیتا ہے۔ ہمیں سیاسی، علاقائی اور ذاتی اختلافات سے بالاتر ہو کر پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے متحد ہونا ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ فیصل آباد وومن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے، ان کی کاروباری صلاحیتوں کو فروغ دینے اور انہیں ملکی و عالمی منڈیوں سے منسلک کرنے کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔



