لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2026ء) صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمن سہگل کی قیادت میں لاہور چیمبر کااعلی سطحی کاروباری وفد کی سوئٹزرلینڈ کے شہر زیورخ میں سوئس ایشیئن چیمبر آف کامرس میں اہم ملاقاتیں ہوئیں جہاں پاکستان اور سوئٹزرلینڈ کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی تعاون اور کاروباری روابط بڑھانے کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق ملاقات میں پاکستان کے سفیر برائے سوئٹزرلینڈ ڈاکٹر مرغوب سلیم بٹ،سوئس ایشیئن چیمبر آف کامرس کے صدر اریستے چیابوٹی، نائب صدر نیتھن قائزر، لاہور چیمبر کے ایگزیکٹو کمیٹی ممبران شعبان اختر ، آصف خان، سوئٹزرلینڈ گلوبل انٹرپرائز کے نمائندگان اور سوئس و پاکستانی کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب سوئس ایشیئن چیمبر آف کامرس اور سوئٹزرلینڈ گلوبل انٹرپرائز کے اشتراک سے زیورخ میں منعقد ہوئی جس سے خطاب کرتے ہوئے لاہور چیمبر کے صدر فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ پاکستان اور سوئٹزرلینڈ کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے وسیع مواقع موجود ہیں، نجی شعبے کے درمیان براہ راست روابط بڑھا کر تجارت اور سرمایہ کاری میں نمایاں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر کا وفد سوئٹزرلینڈ میں کاروباری روابط بڑھانے، سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے اور ایسے مشترکہ منصوبوں کی بنیاد رکھنے کے لیے آیا ہے جن سے دونوں ممالک کے کاروباری شعبوں کو فائدہ ہو۔ فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ پاکستانی وفد میں جدید مینوفیکچرنگ، انجینئرنگ، انفراسٹرکچر و تعمیرات، قابل تجدید توانائی، آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن، کیمیکلز، صارفین کی مصنوعات، خوراک و زراعت اور کاروباری خدمات سمیت مختلف اہم شعبوں سے وابستہ کمپنیاں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی کاروباری افراد سوئٹزرلینڈ کی جدید ٹیکنالوجی، مہارت اور صنعتی تجربے سے فائدہ اٹھانے کے خواہاں ہیں، دونوں ممالک کی کمپنیوں کے درمیان ٹیکنالوجی کی منتقلی، مشترکہ منصوبوں اور نئی منڈیوں تک رسائی کے لیے تعاون کو فروغ دیا جا سکتا ہے ۔لاہور چیمبر کے صدر نے سوئس کمپنیوں اور سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبے شروع کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی کاروباری برادری سوئس سرمایہ کاروں کے ساتھ بامقصد کاروباری روابط کے لیے مکمل تعاون فراہم کرے گی، لاہور چیمبر دونوں ممالک کی کمپنیوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔ پاکستان کے سفیر برائے سوئٹزرلینڈ ڈاکٹر مرغوب سلیم بٹ نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ انہوں نے پاکستان اور سوئٹزرلینڈ کے درمیان اقتصادی تعاون ونجی شعبے کے روابط مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے لاہور چیمبر کے وفد کی سوئس کاروباری برادری سے براہ راست رابطے کی کوششوں کو سراہا۔سفیر نے کہا کہ پاکستان اور سوئٹزرلینڈ کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ دونوں ممالک کے کاروباری افراد کے درمیان براہ راست رابطے بڑھا کر تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور صنعتی تعاون کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔انہوں نے سوئس کاروباری برادری پر زور دیا کہ وہ پاکستان کے ابھرتے ہوئے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لے اور پاکستانی کاروباری افراد کے ساتھ باہمی فائدے کے لیے شراکت داری قائم کرے۔ سوئس ایشیئن چیمبر آف کامرس کے صدر اریستے چیابوٹی نے لاہور چیمبر کے وفد کا خیرمقدم کیا اور پاکستان اور سوئٹزرلینڈ کے کاروباری شعبوں کے درمیان روابط مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے پلیٹ فارمز دونوں ممالک کی کمپنیوں کو ایک دوسرے کی منڈیوں، کاروباری صلاحیتوں اور سرمایہ کاری کے مواقع سمجھنے میں مدد دیتے ہیں۔ سوئٹزرلینڈ گلوبل انٹرپرائز کے اشتراک سے منعقدہ اس تقریب میں سوئس اور پاکستانی کاروباری رہنمائوں، اداروں کے نمائندگان اور صنعت سے وابستہ ماہرین نے شرکت کی اور تجارت، سرمایہ کاری، مارکیٹ تک رسائی و ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔ وفد میں مینوفیکچرنگ، انجینئرنگ، انفراسٹرکچر، قابل تجدید توانائی، آئی ٹی، ٹیلی کمیونیکیشن، کیمیکلز، صارفین کی مصنوعات، خوراک، زراعت اور کاروباری خدمات سے وابستہ نمائندگان شامل تھے۔ تقریب کے بعد سوئس اور پاکستانی کاروباری نمائندگان کے درمیان کاروباری مذاکرات اور بی ٹو بی ملاقاتیں ہوئیں، جن میں مارکیٹ کے مواقع، کاروباری تعاون، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی اور مشترکہ منصوبوں کے امکانات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔