سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2026ء) ایس ای وی پی المیزان انویسٹمنٹ مینجمنٹ لمیٹڈ کے ایس ای وی پی اور چیف سیلز آفیسر طلحہ انور نے ریجنل سیلز مینیجر،وائس پریذیڈنٹ I سید علی عمران اور عبدالوہاب وڑائچ کے ہمراہ سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور صدر سید احتشام مظہر سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران طلحہ انور نے صدر سیالکوٹ چیمبر کو المیزان انویسٹمنٹ مینجمنٹ لمیٹڈ کی جانب سے پیش کی جانے والی سرمایہ کاری کی مصنوعات اور خدمات کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے سرمایہ کاری کے ان طریقوں اور میکانزم کی بھی وضاحت کی جن کے ذریعے سرمایہ کاروں کے فنڈز کا انتظام اور سرمایہ کاری کی جاتی ہے۔صدر سیالکوٹ چیمبر نے کہا کہ اس ملاقات نے کاروباروں اور سرمایہ کاروں کے لیے دستیاب سرمایہ کاری کے مواقع اور مالیاتی حل پر تبادلہ خیال کرنے کا موقع فراہم کیا۔