پاکستان کی مالیاتی کارکردگی 22 سال کی مضبوط ترین سطح پر، مالی خسارہ 2.6 فیصد تک محدود
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2026ء) پاکستان نے مالی سال 26 ۔ 2025 کے اختتام پر مالیاتی شعبے میں نمایاں بہتری حاصل کرتے ہوئے مالی خسارے کو جی ڈی پی کے 2.6 فیصد تک محدود کر دیا ہے، جو گزشتہ 22

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2026ء) پاکستان نے مالی سال 26 ۔ 2025 کے اختتام پر مالیاتی شعبے میں نمایاں بہتری حاصل کرتے ہوئے مالی خسارے کو جی ڈی پی کے 2.6 فیصد تک محدود کر دیا ہے، جو گزشتہ 22 برس کی کم ترین سطح ہے، جبکہ بنیادی مالی سرپلس جی ڈی پی کے 2.9 فیصد کی ریکارڈ سطح تک پہنچ گیا ہے۔مالی سال 26 ۔ 2025 میں بنیادی مالی سرپلس مسلسل تیسرے سال برقرار رہا۔ مالی سال 2024 میں بنیادی سرپلس جی ڈی پی کا 0.9 فیصد، مالی سال 2025 میں 2.4 فیصد جبکہ مالی سال 2026 میں یہ بڑھ کر 2.9 فیصد ہو گیا۔اعداد و شمار کے مطابق مالی خسارہ مالی سال 2022 میں جی ڈی پی کے 7.9 فیصد، مالی سال 2023 میں 7.8 فیصد، مالی سال 2024 میں 6.8 فیصد اور مالی سال 2025 میں 5.4 فیصد رہا، جو مالی سال 2026 میں نمایاں کمی کے بعد 2.6 فیصد تک آ گیا۔ یوں گزشتہ تین برس کے دوران مالی خسارے میں جی ڈی پی کے تناسب سے 5.2 فیصد پوائنٹس کی کمی ہوئی، جبکہ بنیادی مالی توازن میں 1 فیصد خسارے سے 2.9 فیصد سرپلس تک 3.9 فیصد پوائنٹس کی بہتری ریکارڈ کی گئی۔ مالی سال 26 ۔ 2025 میں مجموعی حکومتی آمدن 19.8 ٹریلین روپے رہی، جس میں ٹیکس آمدن کا حصہ 14.2 ٹریلین روپے تھا۔ محصولات میں بہتری اور اخراجات کے محتاط انتظام نے مالیاتی استحکام کے حصول میں اہم کردار ادا کیا۔حکومتی قرضوں پر سود کی ادائیگیاں مالی سال 2025 کے تقریباً 8.9 ٹریلین روپے کے مقابلے میں کم ہو کر مالی سال 2026 میں تقریباً 6.95 ٹریلین روپے رہ گئیں، جس سے تقریباً 2 ٹریلین روپے کی کمی ہوئی۔ کل حکومتی آمدن میں سودی ادائیگیوں کا تناسب مالی سال 2024 کے تقریباً 61 فیصد سے کم ہو کر مالی سال 2026 میں 35 فیصد رہ گیا، جس سے حکومت کی مالی گنجائش میں نمایاں اضافہ ہوا۔ترقیاتی اخراجات اور نیٹ لینڈنگ مالی سال 2026 میں 3.25 ٹریلین روپے رہی، جبکہ مجموعی مالی خسارہ 3.31 ٹریلین روپے اور بنیادی مالی سرپلس 3.63 ٹریلین روپے ریکارڈ کیا گیا۔حکومت کی مالیاتی اصلاحات اور مسلسل بنیادی مالی سرپلس کے نتیجے میں قرضوں کی صورتحال میں بھی بہتری آئی ہے۔ قرضوں میں اضافے کی رفتار 20 سال کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہے جبکہ قرض اور جی ڈی پی کا تناسب تقریباً 68 فیصد تک کم ہوا ہے۔حکومت کے مطابق مالیاتی نظم و ضبط سے قرضوں کی پائیداری بہتر، مالی ضروریات میں کمی اور ترقیاتی سرگرمیوں کے لیے اضافی مالی گنجائش پیدا ہو رہی ہے ۔پاکستان کی مالیاتی اور معاشی کارکردگی کو عالمی سطح پر بھی پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔ جولائی 2026 میں بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسی S&P نے پاکستان کی خودمختار کریڈٹ ریٹنگ B- سے بڑھا کر B کر دی اور آؤٹ لک مستحکم قرار دیا۔ریٹنگ میں بہتری کی اہم وجوہات میں تیز تر مالیاتی استحکام، محصولات میں اضافہ، زرمبادلہ کے ذخائر کی بحالی اور حکومتی قرض اور جی ڈی پی کے تناسب میں کمی شامل ہیں۔حالیہ مالیاتی اعداد و شمار اس امر کی عکاسی کرتے ہیں کہ پاکستان نے مالی سال 2022 کے 7.9 فیصد مالی خسارے اور بنیادی مالی خسارے سے آگے بڑھتے ہوئے مالی سال 2026 میں 2.6 فیصد مالی خسارے اور 2.9 فیصد بنیادی مالی سرپلس کی سطح حاصل کی ہے۔ مسلسل تین سال کے بنیادی مالی سرپلس، مالی خسارے میں نمایاں کمی، قرضوں میں اضافے کی رفتار میں کمی اور سودی بوجھ میں کمی پاکستان کے مالیاتی استحکام کی سمت اہم پیش رفت ہے۔حکومت کے مطابق مالیاتی اصلاحات کا یہ عمل معاشی استحکام کو مزید مضبوط بنانے، سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے، ترقیاتی سرگرمیوں کے لیے مالی گنجائش بڑھانے اور پائیدار و جامع اقتصادی ترقی کی بنیاد مستحکم کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔



