روس کی جانب سے آلو کی درآمد پر عائد پابندی ختم کیےجانےکےبعد پاکستانی آلو کے لیے ایک اہم بین الاقوامی مارکیٹ دوبارہ کھل گئی ہے، صدر سرگودھا چیمبر آف کامرس
سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2026ء) روس کی جانب سے پنجاب سے آلو کی درآمد پر عائد پابندی ختم کیےجانےکےبعد پاکستانی آلوکےلیے اہم بین الاقوامی مارکیٹ دوبارہ کھل گئی، روس نے 101 پاکستانی برآمد کنند

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2026ء) روس کی جانب سے پنجاب سے آلو کی درآمد پر عائد پابندی ختم کیےجانےکےبعد پاکستانی آلوکےلیے اہم بین الاقوامی مارکیٹ دوبارہ کھل گئی، روس نے 101 پاکستانی برآمد کنند گان کوآلوکی کھیپ دوبارہ بھیجنےکی اجازت دے دی ہے، جس سے پاکستان میں ریکارڈ پیداوار کے باعث موجود فاضل آلو کو عالمی منڈی میں کھپانے کے امکانات بڑھ گئےہیں۔ ان خیالات کااظہار صدر سرگودھا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز خواجہ یاسر قیوم نے اے پی پی سےگفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں کہا کہ روس کا فیصلہ پاکستان کے زرعی شعبے، آلو کے کاشتکاروں اور برآمدکنندگان کےلیےانتہائی اہم ہےکیونکہ اس وقت ملک میں آلو کی پیداوار ملکی ضرورت سے نمایاں طور پر زیادہ ہے اور نئی عالمی منڈیوں تک رسائی ناگزیر ہوچکی ہے۔ خواجہ یاسر قیوم نے کہا کہ پاکستان میں گزشتہ فصل کے دوران تقریباً 12 ملین ٹن آلو پیدا ہوا جبکہ ملکی کھپت تقریباً 8 ملین ٹن کے قریب ہے، اس طرح تقریباً4ملین ٹن فاضل پیداوار کو برآمدی منڈیوں تک پہنچانے کی ضرورت ہے۔ روسی مارکیٹ کی بحالی اس اضافی پیداوار کو کھپانے کے لیے پاکستان کو ایک بڑا موقع فراہم کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب پاکستان کا سب سے بڑا آلو پیدا کرنے والا صوبہ ہے اور ملکی پیداوار میں اسکاحصہ تقریباً 96 فیصد بتایا جاتا ہے۔ اس لیے روس کیجانب سے پنجاب کےآلو کی درآمد پر پابندی ختم ہونا براہِ راست پنجاب کے کاشتکاروں، کولڈ اسٹوریج مالکان، آڑھتیوں،پیکنگ ہاؤسز اور برآمدی شعبے کے لیے اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ روسی حکام کی جانب سے فائیٹو سینیٹری اور قرنطینہ تقاضوں کے جائزہ کے بعد101پاکستانی کمپنیوں کو روس کے لیے آلو کی برآمد دوبارہ شروع کرنے کی اجازت دی گئی ہے،تاہم پاکستانی برآمد کنند گان کو عالمی معیار کے فائیٹو سینیٹری اصولوں پر سختی سے عمل کرنا ہوگا تاکہ مستقبل میں کسی قسم کی پابندی سے بچا جاسکے۔ صدر سرگودھاچیمبر آف کامرس نے کہا کہ پاکستان کے لیے روس صرف ایک نئی منڈی نہیں بلکہ وسطی ایشیا اور دیگر یوریشین مارکیٹوں تک رسائی کا ایک اہم تجارتی دروازہ بھی بن سکتا ہے۔ اگر پاکستانی برآمد کنندگان معیار، پیکنگ، کولڈ چین اور ترسیلی نظام کو بہتر بنائیں تو روسی مارکیٹ میں پاکستان اپنے حصے میں مزید اضافہ کرسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آلو کی ریکارڈ پیداوار پاکستان کے لیے ایک طرف بڑا معاشی موقع ہے تاکہ پاکستان آلو کا عالمی برآمدی برانڈ بن سکے۔



