مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ علاقائی امن و معاشی استحکام کے فروغ میں اہم پیش رفت ہے، صدر آر سی سی آئی
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2026ء) راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آر سی سی آئی) کے صدر عثمان شوکت نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2026ء) راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آر سی سی آئی) کے صدر عثمان شوکت نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے علاقائی امن، استحکام اور اجتماعی سلامتی کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ تینوں برادر ممالک کے درمیان مضبوط اور دیرینہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے اور ابھرتے ہوئے سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے باہمی تعاون کا ایک مؤثر فریم ورک فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے اس امر کو بھی سراہا کہ معاہدہ خالصتاً دفاعی نوعیت کا ہے، کسی ملک کے خلاف نہیں اور اجتماعی دفاع اور تنازعات کے پرامن حل کے اصولوں سے ہم آہنگ ہے۔عثمان شوکت نے کہا کہ پائیدار امن اور سلامتی پائیدار معاشی ترقی، سرمایہ کاری، تجارت اور علاقائی روابط کے لیے ناگزیر ہیں۔ ایک مستحکم اور محفوظ خطہ کاروباری سرگرمیوں کے لیے نئے مواقع پیدا کرتا، سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مضبوط بناتا اور معاشی تعاون کے نئے راستے کھولتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دوطرفہ اور سہ فریقی تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی، سیاحت اور کاروباری روابط کے فروغ کے وسیع امکانات موجود ہیں، جن سے استفادہ کرتے ہوئے خطے میں معاشی سرگرمیوں کو مزید فروغ دیا جا سکتا ہے۔آر سی سی آئی کے صدر نے امید ظاہر کی کہ مکہ مکرمہ معاہدہ خطے کو مزید محفوظ، پرامن اور خوشحال بنانے میں معاون ثابت ہوگا اور برادر ممالک کے درمیان مضبوط معاشی شراکت داری کے لیے نئی راہیں ہموار کرے گا۔



