لاہور چیمبر میں اقلیتوںکے قومی دن پر تقریب، مختلف مذاہب کے نمائندگان کی بھرپور شرکت
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2026ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں اقلیتوں کے قوم دن کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت لاہور چیمبر کے قائم مقام صدر تنویر احمد ش

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2026ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں اقلیتوں کے قوم دن کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت لاہور چیمبر کے قائم مقام صدر تنویر احمد شیخ نے کی۔ تقریب میں سابق صدر لاہور چیمبر میاں انجم نثار، ایگزیکٹو کمیٹی ممبر رانا نثار، کنوینر مائنورٹیز کمیٹی سردار بھشن سنگھ، سیکرٹری جنرل منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور، شہزاد احمد خان، سہیل احمد خان، حاجی اسحاق، ڈاکٹر موم پال سنگھ، ڈاکٹر درن جیت سنگھ، ڈاکٹر منپال سنگھ، پاسٹر آصف کھوکھر، پنڈت کاشی رام، پنڈت بھگت لال، علامہ زبیر احمد ظہیر، مولانا عاصم مخدوم، علامہ قاسم علی، سید غلام عباس شیرازی سمیت مختلف مذاہب اور مسالک سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب میں سکھ، ہندو، مسیحی اور دیگر اقلیتی برادریوں کے نمائندگان بھی موجود تھے۔قائم مقام صدر لاہور چیمبر تنویر احمد شیخ نے اپنے خطاب میں کہا کہ نیشنل مائنورٹیز ڈے ہمیں قائداعظم محمد علی جناح کے اس تاریخی وژن کی یاد دلاتا ہے جس کے مطابق پاکستان میں رہنے والے ہر شہری کو مذہب، عقیدے اور ذات سے بالاتر ہوکر برابر کے حقوق حاصل ہونے چاہئیں۔ تنویر احمد شیخ نے کہا کہ ہمیں ایسا معاشرہ تشکیل دینا ہوگا جہاں ہر شہری خود کو پاکستان کا برابر کا حصہ دار سمجھے۔ حکومت کو ایسے اقدامات کرنے چاہئیں جن سے پاکستان دنیا کے سامنے مذہبی ہم آہنگی، رواداری اور بین المذاہب احترام کی بہترین مثال بن سکے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں اقلیتی برادریوں کی قربانیوں اور خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ قیام پاکستان کے موقع پر پنجاب اسمبلی میں پاکستان کے حق میں فیصلہ کن ووٹ کے حوالے سے بھی اقلیتی نمائندگان کے کردار کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آزادی اور قیام میں اقلیتی برادریوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، اس لیے ان کی خدمات پوری قوم کے لیے قابلِ احترام ہیں۔قائم مقام صدر نے کہا کہ نیشنل مائنورٹیز ڈے صرف ایک دن منانے تک محدود نہیں ہونا چاہیے بلکہ ہمیں سال کے تمام 365 دن اقلیتی برادری کے حقوق، عزت اور تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ہر شہری کو برابر کا پاکستانی سمجھنا اور اس کے حقوق کا احترام کرنا ہماری قومی ذمہ داری ہے۔سابق صدر لاہور چیمبر اور پیاف کے پیٹرن انچیف میاں انجم نثار نے کہا کہ 11 اگست ہمیں قائداعظم محمد علی جناح کے اس وژن کی یاد دلاتا ہے جس میں پاکستان کے ہر شہری کے لیے مساوی حقوق، مذہبی آزادی اور عزت و احترام کا تصور موجود ہے۔ انہوں نے لاہور چیمبر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرکے اتحاد، احترام اور بھائی چارے کا خوبصورت پیغام دیا گیا ہے۔ ایک مضبوط اور ترقی یافتہ پاکستان وہی ہوسکتا ہے جہاں ہر شہری خود کو ملک کا برابر کا حصہ دار سمجھے اور اسے آگے بڑھنے کے مساوی مواقع حاصل ہوں۔میاں انجم نثار نے کہا کہ ہمیں مذہب، مسلک اور دیگر اختلافات سے بالاتر ہوکر ایک دوسرے کے حقوق کا احترام کرنا چاہیے اور ملک کی معاشی و سماجی ترقی کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔ کاروباری برادری اس سلسلے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے کیونکہ تجارت اور کاروباری روابط مختلف معاشروں اور لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب لاتے ہیں اور باہمی اعتماد کو فروغ دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہندو، سکھ، مسیحی، پارسی اور دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد ملک کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کررہے ہیں۔ اقلیتی برادری کے افراد صنعت، تجارت، تعلیم، صحت، ٹیکسٹائل، فوڈ پروسیسنگ، کاسمیٹکس، سیاحت اور دیگر شعبوں میں کامیابی سے کاروبار کررہے ہیں جبکہ آرٹ، ثقافت اور کھیل کے میدانوں میں بھی ان کی خدمات نمایاں ہیں۔ میاں انجم نثار نے کہا کہ معاشرے میں موجود تنوع پاکستان کی خوبصورتی اور طاقت ہے۔ اقلیتی برادری کی خدمات کو تسلیم اور سراہنے سے پاکستان کا مثبت تشخص دنیا بھر میں اجاگر ہوگا اور بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ میں بھی مدد مل سکتی ہے۔سیکرٹری جنرل منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور نے اپنے خطاب میں سردار بھشن سنگھ اور لاہور چیمبر کو مختلف مذاہب اور مسالک کے افراد کو ایک خوبصورت پلیٹ فارم پر جمع کرنے پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ گزشتہ کئی دہائیوں سے بین المذاہب ہم آہنگی اور اقلیتوں کے حقوق کے لیے جدوجہد کررہے ہیں اور یہ جدوجہد آئندہ بھی جاری رہے گی۔انہوں نے کہا کہ اسلام امن، محبت، رواداری اور احترام کا درس دیتا ہے۔ مختلف مذاہب کا وجود ایک خوبصورت گلدستے کی مانند ہے جس میں مختلف رنگ اور خوشبوئیں مل کر حسن پیدا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نفرت برائی اور گناہ سے ہونی چاہیے، انسانوں سے نہیں، جبکہ تمام مذاہب اور ان کے ماننے والوں کا احترام اسلامی تعلیمات کا حصہ ہے۔ سردار بھشن سنگھ نے کہا کہ پاکستان سب کا ملک ہے اور قیام پاکستان سے قبل اور بعد میں سکھ برادری سمیت مختلف اقلیتوں نے اس خطے اور پاکستان کے لیے قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے ہم سب کو شانہ بشانہ کام کرنا ہوگا اور اپنی مذہبی شناخت کے ساتھ ساتھ پاکستانی ہونے پر بھی فخر کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ سکھ برادری کے لیے پاکستان کی سرزمین انتہائی مقدس ہے کیونکہ بابا گورو نانک دیو جی کی پیدائش اسی سرزمین پر ہوئی جبکہ کرتارپور اور لاہور سمیت سکھ مذہب کے کئی اہم مقدس مقامات پاکستان میں موجود ہیں۔ انہوں نے قومی دنوں کو تمام برادریوں کے مل کر منانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔تقریب میں مقررین نے اس امر پر اتفاق کیا کہ پاکستان کی ترقی، امن اور خوشحالی کے لیے بین المذاہب ہم آہنگی، رواداری، مساوات اور باہمی احترام کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک میں تمام شہریوں کے مساوی حقوق اور مذہبی آزادی کے تحفظ کے لیے اجتماعی کردار ادا کیا جائے گا۔



