سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2026ء) ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز سرگودھا کی بانی و صدر شمیم آفتاب نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دفاعی معاہدوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے معاہدے خطے میں امن، استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں اور سفارتی تعلقات کے مزیداستحکام کےلیے یہ پیش رفت خوش آئند ہے۔ دفاعی تعاون سے تینوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اور خطےکی سلامتی پرمثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ شمیم آفتاب نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں جبکہ ترکیہ کیساتھ بھی پاکستان کےمضبوط اور تاریخی روابط قائم ہیں۔ تینوں ممالک کے درمیان تعاون کے نئے مواقع پیدا ہونا خوش آئند امر ہے۔ انہوں نے کہا کہ مضبوط دفاعی تعاون خطے میں امن و استحکام کے ساتھ اقتصادی ترقی کے لیے بھی سازگار ماحول فراہم کرتا ہے۔ امن، سلامتی اور اقتصادی ترقی ایک دوسرے سے منسلک ہیں، اس لیے خطے کے ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو مزید فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔