سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2026ء) مکہ باہمی دفاعی معاہدہ کی خوشی میں ایوان صنعت و تجارت سرگودھا کے زیر اہتمام پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی نے بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی اور اس معاہدے کو مُسلم اُمہ کے اتحاد اور علاقائی امن کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا۔ کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی نے کہا ہے کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ مکرمہ میں ہونے والا باہمی دفاعی معاہدہ مسلم امہ کے اتحاد، باہمی تعاون اور علاقائی امن و استحکام کے لیے اہم پیش رفت ہے۔ برادر اسلامی ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات وقت کی اہم ضرورت ہیں اور یہ معاہدہ باہمی اعتماد اور تعاون کو مزید فروغ دے گا۔ وہ ایوان صنعت وتجارت سرگودھاکےزیرِ اہتمام مکہ باہمی دفاعی معاہدہ کی خوشی میں منعقدہ پروقار تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرمیونسپل سروسز محمد عاطف سندھو، اسسٹنٹ کمشنر سرگودھا احمد شیر گوندل، صدر ایوان صنعت و تجارت خواجہ یاسر قیوم، ایوان کے عہدیداران، ممبران اور دیگر معززین نے شرکت کی۔ کمشنر سرگودھا نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ برادرانہ اور دوستانہ تعلقات قائم ہیں۔ مکہ مکرمہ میں ہونے والا باہمی دفاعی معاہدہ ان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ مسلم ممالک کے اتحاد اور باہمی تعاون کا حامی رہا ہے۔ اس موقع پر صدر ایوان صنعت و تجارت خواجہ یاسر قیوم نے مہمان خصوصی کمشنر حافظ شوکت علی اور دیگر معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ مکہ باہمی دفاعی معاہدہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مضبوط تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری برادر اسلامی ممالک کے درمیان محبت، اخوت اور باہمی تعاون کے فروغ کی ہمیشہ حمایت کرتی رہے گی۔ خواجہ یاسر قیوم نے کہا کہ ایوان صنعت و تجارت سرگودھا کی جانب سے اس تقریب کا مقصد اس اہم معاہدے کی خوشی منانے کے ساتھ ساتھ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے عوام کے درمیان بھائی چارے اور دوستی کے جذبے کو اجاگر کرنا ہے۔ اس موقع پر مکہ باہمی دفاعی معاہدہ کی خوشی میں کیک بھی کاٹا گیا۔