مکہ باہمی دفاعی معاہدہ معاشی و تجارتی تعلقات کے فروغ کیلئے بھی نئی راہیں کھول سکتا ہے‘ خادم حسین
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2026ء) فائونڈر ز گروپ کے سرگرم رکن ،پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے رکن ، سینئر نائب صدر فیروز پور روڈ بورڈاورسابق ممبر لاہور چیمبر آف کامرس خادم

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2026ء) فائونڈر ز گروپ کے سرگرم رکن ،پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے رکن ، سینئر نائب صدر فیروز پور روڈ بورڈاورسابق ممبر لاہور چیمبر آف کامرس خادم حسین نے کہاہے کہ پاکستان ، سعودی عرب اور ترکیہ کا معاہدہ دفاعی تعاون کے ساتھ معاشی و تجارتی تعلقات کے فروغ کیلئے بھی نئی راہیں کھول سکتا ہے ،پاکستان کو اس اہم پیشرفت کے بعد سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ معاشی تعلقات مزید مضبوط بنانے اور پاکستانی مصنوعات کی برآمدات بڑھانے کیلئے جامع حکمت عملی وضع کرنی چاہیے۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ سعودی عرب کی وسیع مارکیٹ میں پاکستانی چاول، گوشت، پھل، سبزیاں، ٹیکسٹائل، سرجیکل آلات، کھیلوں کا سامان، فارماسیوٹیکلز اور معدنی مصنوعات کی برآمدات میں نمایاں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ ترکیہ کے ساتھ بھی ٹیکسٹائل، لیدر، انجینئرنگ مصنوعات، سنگ مرمر، زرعی اجناس اور آئی ٹی سمیت مختلف شعبوں میں تجارت کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ نے دوطرفہ تجارت کا حجم 5 ارب ڈالر تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا ہے جس کیلئے نجی شعبے کو زیادہ سہولیات اور کاروباری مواقع فراہم کرنا ہوں گے۔ سعودی عرب کے ساتھ بھی تجارت کو موجودہ سطح سے کئی گنا بڑھا کر 10 ارب ڈالر سالانہ تک لے جانے کا ہدف مقرر کیا جاسکتا ہے۔خادم حسین نے کہا کہ دونوں ممالک میں پاکستانی مصنوعات کیلئے خصوصی نمائشیں، تجارتی وفود کے تبادلے اور بزنس ٹو بزنس روابط بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ برآمد کنندگان کو مسابقتی توانائی، سستی لاجسٹکس اور تیز رفتار ریفنڈز سمیت ضروری سہولیات فراہم کی جائیں ۔سعودی عرب میں جاری بڑے ترقیاتی منصوبے پاکستانی تعمیراتی، انجینئرنگ اور سٹون انڈسٹری کیلئے بھی بڑے مواقع پیدا کر رہے ہیں۔پاکستانی ماربل اور گرینائٹ کو سعودی اور ترکیہ کی مارکیٹ میں بہتر برانڈنگ کے ساتھ متعارف کرایا جائے تو برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ دفاعی تعاون کو معاشی شراکت داری میں تبدیل کرنے کیلئے نجی شعبے کا کردار مزید فعال بنانا ہوگا۔



