لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 اگست2026ء) شہر میں برائلر مرغی کا گوشت سرکاری نرخ سے مہنگا فروخت ہونے لگا، سرکاری نرخ 454 روپے فی کلو مقرر ہونے کے باوجود پرچون مارکیٹ میں گوشت 470 سے 475 روپے فی کلو تک فروخت کیا جارہا ہے۔ مٹن، بیف اور فارمی انڈوں کی قیمتیں بھی سرکاری نرخ سے تجاوز کرگئیں۔مارکیٹ ذرائع کے مطابق مٹن کا سرکاری نرخ 1600 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم دکاندار 2400 سے 2800 روپے فی کلو تک وصول کررہے ہیں۔ اسی طرح بیف کا سرکاری ریٹ 800 روپے فی کلو ہونے کے باوجود مارکیٹ میں 1000 سے 1200 روپے فی کلو فروخت کیا جارہا ہے۔فارمی انڈوں کی قیمت بھی سرکاری نرخ سے زائد ہے۔ سرکاری ریٹ 268 روپے فی درجن مقرر ہونے کے باوجود مارکیٹ میں انڈے 275 سے 278 روپے فی درجن فروخت کیے جارہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی میں مسلسل اضافے کے باعث گوشت جیسی بنیادی غذائی اشیا بھی عام آدمی کی پہنچ سے دور ہوتی جارہی ہیں۔ سرکاری نرخ مقرر ہونے کے باوجود دکانداروں کی جانب سے زائد قیمتیں وصول کرنے سے شہریوں پر اضافی مالی بوجھ پڑ رہا ہے۔شہریوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ برائلر گوشت، مٹن، بیف اور انڈوں کی سرکاری نرخوں پر فروخت یقینی بنانے کیلئے مارکیٹوں کی مؤثر نگرانی کی جائے اور زائد قیمتیں وصول کرنے والے دکانداروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔