اوورسیز پاکستانی، ٹیکنالوجی، عالمی منڈیوں تک رسائی اور کاروباری تجربے سے صنعتی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، فہیم الرحمن سہگل
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اگست2026ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فہیم الرحمن سہگل نے بیرونِ ملک مقیم پاکستانی تاجروں اور کاروباری افراد پر زور دیا ہے کہ وہ پاکستان کی معاشی ترقی میں ز

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اگست2026ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فہیم الرحمن سہگل نے بیرونِ ملک مقیم پاکستانی تاجروں اور کاروباری افراد پر زور دیا ہے کہ وہ پاکستان کی معاشی ترقی میں زیادہ فعال کردار ادا کرتے ہوئے ابھرتے ہوئے شعبوں میں سرمایہ کاری کریں اور ملک کی برآمدات اور مینوفیکچرنگ کے شعبے کو وسعت دینے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار جرمنی کے شہر ہیگن میں آئی ایس پی اے کا دورہ کرنے والے 25 رکنی تجارتی وفد کی قیادت کرتے ہوئے کیا۔ وفد کا استقبال مظہر اقبال دیونا اور کمپنی کی انتظامیہ نے کیا۔ قائم مقام قونصل جنرل فہد الرحمن، پاکستان قونصلیٹ جنرل فرینکفرٹ میں ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ کونسلر آمنہ نعیم، ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین آصف خان اور شعبان اختر بھی وفد کے ہمراہ تھے۔ لاہور چیمبر کے صدر نے پاکستان میں موجود سرمایہ کاری کے بڑھتے ہوئے مواقع کو اجاگر کیا اور کاروبار میں آسانی، سرمایہ کاروں کو سہولیات کی فراہمی اور مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کے لیے حکومت کی جانب سے کئے گئے اصلاحاتی اقدامات سے شرکا کو آگاہ کیا۔فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی کاروباری افراد کے پاس قیمتی سرمایہ، جدید ٹیکنالوجی، عالمی منڈیوں تک رسائی اور بین الاقوامی کاروباری تجربہ موجود ہے، جو پاکستان کی صنعتی اور معاشی ترقی میں نمایاں کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے بیرونِ ملک مقیم ممتاز پاکستانی کاروباری افراد سے اپیل کی کہ وہ پاکستان کو سرمایہ کاری کی ایک پرکشش منزل سمجھتے ہوئے ملک میں نئے کاروبار قائم کریں یا اپنے موجودہ کاروباری آپریشنز کو وسعت دیں۔انہوں نے بالخصوص الیکٹرک وہیکلز، انفارمیشن ٹیکنالوجی، قابلِ تجدید توانائی، ٹیکسٹائل اور ویلیو ایڈیشن، فارماسیوٹیکلز، زراعت و فوڈ پروسیسنگ اور کان کنی و معدنیات کے شعبوں کو سرمایہ کاری کے لیے اہم مواقع قرار دیا۔ ان شعبوں میں سرمایہ کاری سے ٹیکنالوجی کی منتقلی، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور برآمدات میں اضافے کی وسیع گنجائش موجود ہے۔دورے کے دوران پاکستان اور جرمنی کے درمیان دوطرفہ تجارت و سرمایہ کاری کے مواقع، صنعتی تعاون کے امکانات اور دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں کے درمیان روابط کو مزید فروغ دینے کے لیے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔



