فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی کے زیر اہتمام قیمتی کمرشل پلاٹس کی نیلامی آئندہ ماہ ہوگی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اگست2026ء) فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی (ایف جی ای ایچ اے) کے زیر اہتمام سیکٹر جی۔13 اور جی۔14 کے کمرشل پلاٹس کی نیلامی ستمبر 2026 کے پہلے ہفتے میں منعقد ہو

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اگست2026ء) فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی (ایف جی ای ایچ اے) کے زیر اہتمام سیکٹر جی۔13 اور جی۔14 کے کمرشل پلاٹس کی نیلامی ستمبر 2026 کے پہلے ہفتے میں منعقد ہوگی جس میں سرمایہ کاروں کو دارالحکومت کے اہم تجارتی مقامات پر جائیداد حاصل کرنے کا بہترین موقع فراہم کیا جائے گا۔اتھارٹی کے ترجمان نے ’’اے پی پی ‘‘کو بتایا کہ نیلامی میں جی۔ 14 مرکز کے کمرشل پلاٹس، جی۔14/2 کے کلاس تھری کمرشل پلاٹس، مکسڈ یوز (مخلوط استعمال) پلاٹس جبکہ موو ایریا میں کارپوریٹ آفس کے لیے ایک پلاٹ بھی شامل ہوگا۔ترجمان نے قومی خبر ایجنسی کو بتایا کہ مذکورہ کمرشل پلاٹس میٹرو بس روٹ اور جی ٹی روڈ کے قریب واقع ہیں جبکہ موٹروے ایم۔ 1 اور ایم۔2 سے تقریباً 8 منٹ اور نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے صرف 12 منٹ کی مسافت پر ہیں، جس کے باعث ان کی تجارتی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کار 25 فیصد ابتدائی ادائیگی کے بعد بلڈنگ پلان کی منظوری حاصل کرکے تعمیراتی کام شروع کر سکیں گے۔ترجمان کے مطابق نیلامی کے سلسلے میں بروشر کی تیاری، تشہیری مہم اور نیلامی کے شیڈول سمیت تمام انتظامی تیاریاں جاری ہیں۔ نیلامی میں سرمایہ کاروں کو شفاف اور مساوی مواقع فراہم کیے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ نیلامی کی حتمی تاریخ کا اعلان جلد فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی کے سرکاری ذرائع اور آفیشل چینلز کے ذریعے کیا جائے گا۔



