پاکستان سٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاروں کی تعداد تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2026ء) پاکستان سٹاک ایکسچینج نے سرمایہ کاروں کی تعداد کے حوالے سے ایک تاریخی سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ جولائی 2026ء کے اختتام پر سرمایہ کاروں کی مجموعی تعداد پہلی

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2026ء) پاکستان سٹاک ایکسچینج نے سرمایہ کاروں کی تعداد کے حوالے سے ایک تاریخی سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ جولائی 2026ء کے اختتام پر سرمایہ کاروں کی مجموعی تعداد پہلی مرتبہ 6 لاکھ سے تجاوز کرتے ہوئے 607,025 تک پہنچ گئی جو ملکی سرمایہ مارکیٹ پر عوام کے بڑھتے ہوئے اعتماد اور معیشت میں مثبت رجحانات کی عکاسی کرتی ہے۔ جولائی 2026ء کے دوران 23,973 نئے سرمایہ کاروں نے پاکستان سٹاک ایکسچینج میں اکائونٹس کھلوائے جو ایک ہی ماہ میں نئے سرمایہ کاروں کے اضافے کا دوسرا بڑا ریکارڈ ہے۔اعداد و شمار کے مطابق جون 2022ء سے اب تک 3 لاکھ 32 ہزار سے زائد نئے سرمایہ کار مارکیٹ میں شامل ہوئے ہیں جس کے نتیجے میں سرمایہ کاروں کی مجموعی تعداد 275,000 سے بڑھ کر 607,025 ہو گئی ہے جو 121 فیصد اضافے کے برابر ہے۔ سرمایہ کاروں کی شمولیت کی رفتار میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ مالی سال 2023 اور 2024 کے دوران اوسطاً 2,300 نئے سرمایہ کار ماہانہ مارکیٹ میں شامل ہوئے جبکہ یہ تعداد مالی سال 2025 میں بڑھ کر 5,300 اور مالی سال 2026 میں 15,860 ماہانہ تک پہنچ گئی جو پاکستان سٹاک ایکسچینج کی تاریخ کی تیز ترین رفتار ہے۔ رپورٹ کے مطابق حالیہ اضافے میں نمایاں کردار جنریشن زیڈ (Gen Z) اور پہلی مرتبہ سرمایہ کاری کرنے والے ریٹیل سرمایہ کاروں کا ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ نوجوان طبقہ سرمایہ کاری اور دولت کی تخلیق کے لیے سرمایہ مارکیٹ پر اعتماد کا اظہار کر رہا ہے۔ یہ تاریخی پیش رفت نہ صرف پاکستان کی سرمایہ مارکیٹ کی وسعت اور گہرائی کو ظاہر کرتی ہے بلکہ اس امر کی بھی غماز ہے کہ زیادہ سے زیادہ پاکستانی اپنی بچت کو پیداواری سرمایہ کاری میں تبدیل کرتے ہوئے ملکی اقتصادی ترقی میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔ماہرین کے مطابق سرمایہ کاروں کی تعداد میں یہ غیر معمولی اضافہ پاکستان کی معیشت پر بڑھتے ہوئے اعتماد، بہتر معاشی اشاریوں، سرمایہ کار دوست پالیسیوں اور کیپٹل مارکیٹ میں بڑھتی ہوئی عوامی شمولیت کا واضح مظہر ہے۔



