لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اگست2026ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا اعلیٰ سطحی کاروباری وفد، صدر فہیم الرحمن سہگل کی قیادت میں، اپنے یورپی تجارتی مشن کے دوران فرانس میں پاکستان کی سفیر ممتاز زہرہ بلوچ سے ملا۔ ملاقات میں پاکستان اور فرانس کے درمیان دوطرفہ تجارت، برآمدات کے فروغ، سرمایہ کاری کے مواقع اور اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ فرانس پاکستانی برآمد کنندگان کے لیے یورپ کی ایک نہایت اہم اور امید افزا مارکیٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی روابط کو مزید مضبوط بنانے، پاکستانی مصنوعات کی فرانسیسی مارکیٹ تک رسائی بہتر بنانے اور کاروباری برادری کے درمیان براہِ راست روابط بڑھانے کی ضرورت ہے تاکہ دوطرفہ تجارت کی حقیقی استعداد سے بھرپور فائدہ اٹھایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی برآمدات میں اضافہ پائیدار معاشی ترقی اور قیمتی زرمبادلہ کے حصول کے لیے ناگزیر ہے۔ لاہور چیمبر برآمد کنندگان کی ہر ممکن معاونت، نئی منڈیوں کی تلاش اور فرانس سمیت یورپی ممالک کے ساتھ تجارتی تعلقات کے فروغ کے لیے بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا ۔پاکستان کی سفیر برائے فرانس ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ فرانس میں پاکستانی مصنوعات کے لیے نئے مواقع تیزی سے پیدا ہو رہے ہیں اور پاکستانی کاروباری برادری ان مواقع سے فائدہ اٹھا سکتی ہے۔ انہوں نے سفارتخانے کی جانب سے پاکستانی تاجروں اور برآمد کنندگان کو ہر ممکن تعاون اور سہولت فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا تاکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کو مزید فروغ دیا جا سکے ۔لاہور چیمبر کے کاروباری وفد کے اراکین، جو مختلف شعبہ ہائے صنعت و تجارت کی نمائندگی کر رہے ہیں، نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور فرانسیسی مارکیٹ میں پاکستانی مصنوعات کے فروغ کے لیے نئی کاروباری راہیں تلاش کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ برآمدات میں اضافے اور عالمی منڈیوں میں پاکستان کی مسابقت بڑھانے کے لیے سرکاری و نجی شعبے کے درمیان قریبی تعاون انتہائی ضروری ہے۔