کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اگست2026ء) یونائٹیڈ بزنس گروپ (یو بی جی) کے صدر اور ایف پی سی سی آئی کے سابق صدر زبیر طفیل نے جولائی 2026 کے تجارتی اعداد و شمار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کا تجارتی خسارہ 25 فیصد سے زائد اضافے کے بعد 3.95 ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ ماہانہ بنیاد پر تجارتی خسارے میں تقریباً 15 فیصد کمی آئی، تاہم درآمدات میں مسلسل اضافہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ ملکی معیشت اب بھی بیرونی اشیا اور توانائی پر زیادہ انحصار کر رہی ہے۔ زبیر طفیل نے کہا کہ جولائی 2026 کے دوران درآمدی ادائیگیاں تقریباً 18 فیصد اضافے کے ساتھ 6.89 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، جبکہ برآمدی آمدن میں بھی تقریباً 10 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ان کے مطابق معاشی سرگرمیوں میں بہتری کے باعث صنعتی خام مال، مشینری اور دیگر ضروری اشیا کی طلب برقرار رہی، جس سے درآمدات بلند سطح پر رہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں جغرافیائی سیاسی کشیدگی کے باعث توانائی کی عالمی قیمتوں میں اضافے نے بھی درآمدی بل میں نمایاں اضافہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ جولائی 2026 میں پیٹرولیم مصنوعات اور آر ایل این جی کی قیمتوں میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 40 سے 50 فیصد تک اضافہ ہوا، جس کا براہِ راست اثر پاکستان کے درآمدی بل پر پڑا۔ پاکستان چونکہ توانائی درآمد کرنے والا ملک ہے، اس لیے مجموعی درآمدات میں توانائی کا حصہ تاریخی طور پر 20 سے 25 فیصد کے درمیان رہتا ہے۔ اس کے علاوہ صنعتی اور زرعی شعبے کی ضروریات پوری کرنے کے لیے مشینری اور گاڑیوں کی درآمدات بھی بڑھیں، جس سے تجارتی خسارے میں اضافہ ہوا۔ زبیر طفیل نے کہا کہ برآمدات میں بہتری ایک حوصلہ افزا پیش رفت ہے، جس میں غذائی اشیا خصوصاً چاول کی برآمدات نے اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل بدستور پاکستان کی سب سے بڑی برآمدی صنعت ہے اور مجموعی برآمدات میں اس کا حصہ 55 سے 60 فیصد کے درمیان ہے۔ ان کے مطابق 30 جون 2026 کو ختم ہونے والے مالی سال میں ٹیکسٹائل برآمدات مستحکم رہیں، جبکہ جولائی کی تفصیلی تجارتی رپورٹ جاری ہونے کے بعد یہ مزید واضح ہو جائے گا کہ کن شعبوں نے برآمدی آمدن میں نمایاں اضافہ کیا۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ برآمدات میں پائیدار اضافے کے لیے صنعتوں کو سستی بجلی اور گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے، ایکسپورٹرز کے ریفنڈز اور ٹیکس ریبیٹس بروقت ادا کیے جائیں، ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی حوصلہ افزائی کی جائے اور نئی بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی کے لیے مؤثر تجارتی سفارت کاری کو فروغ دیا جائے۔ زبیر طفیل نے کہا کہ اگر صنعتی لاگت میں کمی، توانائی کے متبادل ذرائع کے فروغ، درآمدی متبادل صنعتوں کی سرپرستی اور برآمدی شعبے کو مستقل پالیسی سپورٹ فراہم کی جائے تو نہ صرف تجارتی خسارے میں نمایاں کمی لائی جا سکتی ہے بلکہ ملک کو پائیدار معاشی ترقی کی راہ پر بھی گامزن کیا جا سکتا ہے۔