ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2026ء) انجمن آڑھتیاں نیو سبزی منڈی حویلیاں روڈ ایبٹ آباد نے آڑھتیوں کو درپیش مسائل کے حل اور ان کے حقوق کے تحفظ کےلئے خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی جو ٹی ایم او کے ساتھ قریبی رابطہ اور باہمی تعاون سے سبزی منڈی کے اہم اور فوری نوعیت کے مسائل حل کرنے، آڑھتی برادری کی جائز شکایات کے ازالے اور منڈی کے انتظامی امور میں بہتری کےلئے موثر کردار ادا کرے گی۔ ترجمان انجمن آڑھتیاں کے مطابق کمیٹی کے اراکین میں حاجی مقبول الرحمٰن خان جدون (صدر)، بابو شیر افضل جنرل (سیکرٹری)، قاسم خان (فنانس سیکرٹری)، بیدار بخت خان عرف فقیرا خان، سردار پرویز، اصغر خان، شاہ فیصل عباسی، محمد علی طاہر، ملک ضیافت خان، سردار اقبال اور دلنواز شامل ہیں۔ واضح رہے کہ انجمن آڑھتیاں اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ یہ کمیٹی سبزی منڈی کے تمام آڑھتیوں کے مفادات کے تحفظ، درپیش مسائل کے بروقت حل، انتظامی بہتری اور باہمی تعاون کے فروغ کےلئے بھرپور کردار ادا کرے گی۔