لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2026ء) نیدرلینڈز سفارت خانے کے ناظم الامور ہاجو پرووو کلائٹ نے کہا ہے کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری پاکستان کی کاروباری برادری اور سرکاری اداروں کے درمیان ایک مضبوط پل کا کردار ادا کر رہا ہے،اس لیے پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان تجارتی و معاشی تعلقات کے فروغ میں لاہور چیمبر ایک نہایت اہم شراکت دار ہے۔ انہوں نے یہ بات لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر کہی،جہاں قائم مقام صدر لاہور چیمبر تنویر احمد شیخ نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔اس موقع پر نیدرلینڈز کے سفارت خانے کی سینئر اکنامک ایڈوائزر ماریا عرفان بھی ان کے ہمراہ تھیں ۔لاہور چیمبر کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین کرامت علی اعوان، شیخ فیاض، علی عمران، محسن بشیر، ندیم انصاری، فردوس نثار اور آمنہ رندھاوا بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ہاجو پرووو کلائٹ نے کہا کہ لاہور چیمبر کے48 ہزار سے زائد اراکین معیشت کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھتے ہیں،اس لیے چیمبر کو مقامی مارکیٹ اور کاروباری ماحول کا وسیع تجربہ حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہی معلومات ڈچ کمپنیوں کو پاکستان میں کاروباری مواقع تلاش کرنے اور قابل اعتماد مقامی شراکت داروں تک رسائی حاصل کرنے میں مدد دے سکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ سفارت خانہ اور لاہور چیمبر کے درمیان مستقل رابطہ اور باقاعدہ مشاورت دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری میں مزید اضافے کا باعث بنے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کامیابی حاصل کرنے والی بیشتر ڈچ کمپنیاں چھوٹے اور درمیانے درجے کے خاندانی کاروبار ہیں،جنہوں نے مقامی کمپنیوں کے ساتھ مضبوط تعلقات قائم کرکے کامیابی حاصل کی۔انہوں نے کہا کہ اگر ڈچ سرمایہ کاروں کو قابل اعتماد پاکستانی کاروباری اداروں سے جوڑا جائے تو مشترکہ سرمایہ کاری اور نئے کاروباری منصوبوں کے وسیع مواقع پیدا ہوسکتے ہیں۔ قائم مقام صدر لاہور چیمبر تنویر احمد شیخ نے نیدرلینڈز کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے معاشی تعاون کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ تجارت، سرمایہ کاری اور طویل المدتی کاروباری تعلقات کے فروغ کے لیے سرکاری اور نجی شعبے کے درمیان مسلسل رابطہ ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری پاکستان کے قدیم ترین اور بڑے کاروباری اداروں میں شامل ہے،جس کی تاریخ ایک صدی سے زائد پر محیط ہے جبکہ اس کے 48 ہزار سے زیادہ اراکین ملکی معیشت کے تقریبا ًتمام اہم شعبوں کی نمائندگی کرتے ہیں۔ تنویر احمد شیخ نے کہا کہ پاکستان نیدرلینڈز کے ساتھ اپنی دیرینہ دوستی کو بہت اہمیت دیتا ہے اور زراعت، ڈیری، واٹر مینجمنٹ، لاجسٹکس، قابلِ تجدید توانائی اور پائیدار ترقی کے شعبوں میں نیدرلینڈز کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2025-26 کے دوران دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارت کا حجم تقریبا ًایک ارب نوے کروڑ امریکی ڈالر رہا،جس میں پاکستان کی برآمدات ایک ارب چوالیس کروڑ ڈالر جبکہ نیدرلینڈز سے درآمدات پچاس کروڑ پانچ لاکھ ڈالر رہیں۔ انہوں نے کہا کہ باہمی تعاون اور مضبوط کاروباری روابط کے ذریعے اس تجارتی حجم کو پانچ ارب امریکی ڈالر تک بڑھایا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نیدرلینڈز کو ہوم ٹیکسٹائل، ہوزری، بنے ہوئے کپڑے اور چاول برآمد کرتا ہے جبکہ نیدرلینڈز سے پیٹرولیم مصنوعات،مالٹ ایکسٹریکٹس،آئرن اینڈ اسٹیل اسکریپ،طبی آلات اور ڈیری مصنوعات درآمد کی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ویلیو ایڈڈ گارمنٹس،نٹ ویئر، ڈینم، لیدر مصنوعات، اسپورٹس گڈز، سرجیکل آلات، فرنیچر، پراسیسڈ فوڈ،حلال گوشت،سی فوڈ،سافٹ ویئر اور آئی ٹی سروسز کی برآمدات میں بے پناہ امکانات موجود ہیں۔قائم مقام صدر لاہور چیمبر نے کہا کہ پاکستان اسپیشل اکنامک زونز، ایکسپورٹ پروسیسنگ زونز اور صنعتی علاقوں کے ذریعے سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع فراہم کر رہا ہے۔ نوجوان اور ہنر مند افرادی قوت،بہتر ہوتے معاشی اشاریے، کم ہوتی مہنگائی اور شرح مبادلہ میں استحکام غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول فراہم کر رہے ہیں۔انہوں نے ڈچ سرمایہ کاروں کو پاکستان میں طویل المدتی سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے دونوں ممالک کے کاروباری وفود، نوجوان کاروباری افراد اور اسٹارٹ اپس کے تبادلوں میں اضافے کی تجویز بھی دی۔