سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2026ء) ریجنل ٹیکس آفس (آر ٹی او) سیالکوٹ کے زیرِ اہتمام ٹیکس سال 2026 کے حوالے سے چھوٹے کاروباری افراد، دکانداروں اور تاجروں کے لیے آگاہی و سہولت کاری سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد نئے اور موجودہ ٹیکس دہندگان کو آسان، شفاف اور کاروبار دوست ٹیکس نظام سے آگاہ کرنا اور رضاکارانہ ٹیکس ادائیگی کے رجحان کو فروغ دینا تھا۔ سیمینار میں چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو آر ٹی او سیالکوٹ حسن ذوالفقار، کمشنر ان لینڈ ریونیو محمد عارف، کمشنر ان لینڈ ریونیو سیالکوٹ زون ہارون اسلام، ایڈیشنل کمشنر ان لینڈ ریونیو (ہیڈ کوارٹرز) سمیت دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی جبکہ سیالکوٹ، نارووال، ڈسکہ، پسرور اور گردونواح سے تعلق رکھنے والے تاجروں اور کاروباری شخصیات کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ افسران نے شرکاء کو بتایا کہ حکومت کی جانب سے متعارف کرایا گیا خصوصی ٹیکس نظام چھوٹے کاروباری افراد کے لیے ٹیکس رجسٹریشن، ریٹرن فائلنگ اور دیگر قانونی تقاضوں کو آسان بنانے کے لیے مرتب کیا گیا ہے تاکہ کاروباری طبقہ بلا خوف و جھجھک قومی معیشت میں اپنا کردار ادا کر سکے۔ اس موقع پر انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرانے، ٹیکس واجبات کے تعین، فائلنگ کے طریقہ کار اور ٹیکس سال 2026 سے متعلق اہم امور پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔ سیمینار کے دوران تاجروں کے سوالات کے جوابات دیے گئے اور انہیں درپیش مسائل کے حل کے لیے رہنمائی فراہم کی گئی۔ تاجر برادری نے آر ٹی او سیالکوٹ کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگراموں سے کاروباری طبقے میں ٹیکس سے متعلق آگاہی بڑھے گی۔چیف کمشنر حسن ذوالفقار نے اس موقع پر کہا کہ آر ٹی او سیالکوٹ کاروباری برادری کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھتے ہوئے ٹیکس نظام کو مزید شفاف، آسان اور مؤثر بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا تاکہ قومی آمدن میں اضافہ اور معیشت کا استحکام یقینی بنایا جا سکے۔