سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2026ء) پاکستان میں تعینات مملکتِ نیدرلینڈز کے سفارت خانے کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن ہاجو پرووو کلویٹ نے وفد کے ہمراہ سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور دو طرفہ تجارتی امور پر تبادلہ خیال کیا۔صدر سیالکوٹ چیمبر سید احتشام مظہر نے معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں چیمبر آمد پر خوش آمدید کہا۔ صدر سیالکوٹ چیمبر نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور مملکت نیدر لینڈ کے درمیان بہترین قریبی تعلقات ہیں جن سے دونوں ممالک کی عوام مستفید ہو رہے ہیں ۔ انہوں نے مملکت نیدر لینڈ اور پاکستان کے درمیان باہمی تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے ہرممکن مخلصانہ کوششیں کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی احترام، افہام و تفہیم ، امن اور سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے مشترکہ وژن ہے۔ انہوں نے کہا کہ تجارتی وفود کے تبادلے سے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارتی اور کاروباری تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہیے۔اس موقع پر پاکستان میں تعینات مملکتِ نیدرلینڈز کے سفارت خانے کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن ہاجو پرووو کلویٹ نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ پاکستان اور مملکت نیدرلینڈ کے درمیان تجارتی حجم بڑھے گا جو کہ ضروری بھی ہے۔ انہوں نے پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مضبوط بنانے پر خصوصی زور دیا، پائیدار صنعتی ترقی، موسمیاتی تبدیلی سے متعلق اقدامات، اور ڈچ سفارت خانے اور سیالکوٹ کی کاروباری برادری کے درمیان تعاون بڑھانے کے مواقع کا بھی احاطہ کیا گیا۔ شرکاء نے مضبوط اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے اور پائیدار ترقی، جدت طرازی اور باہمی طور پر فائدہ مند شراکت داری کو بڑھانے کے مقصد سے تعاون کے نئے امکانات تلاش کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ۔پاکستان میں تعینات مملکتِ نیدرلینڈز کے سفارت خانے کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن ہاجو پرووو کلویٹ نے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی دستاویزی فلم ’’سیالکوٹ دی سٹی آف پروگریسو پیپل‘‘ میں بھی گہری دلچسپی ظاہر کی جو اس اجلاس کے دوران دکھائی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک خوشگوار تعلقات سے لطف اندوز ہو رہے ہیں جو انتہائی خوش آئند بات ہے۔ اجلاس کے اختتام پر صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سید احتشام مظہرکی جانب سے معزز مہمانوں کو سیالکوٹ چیمبر کی یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔