خطے میں پائیدار امن، استحکام اور معاشی ترقی کا انحصار مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پائیدار حل پر ہے، صدر فیصل آباد چیمبر آف کامرس
مکو آ نہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اگست2026ء) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فاروق یوسف شیخ نے یومِ استحصالِ کشمیر کی مناسبت سے منعقدہ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ 5 اگست 2019 جنوبی

مکو آ نہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اگست2026ء) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فاروق یوسف شیخ نے یومِ استحصالِ کشمیر کی مناسبت سے منعقدہ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ 5 اگست 2019 جنوبی ایشیا کی تاریخ کا ایک افسوسناک دن ہے، جب بھارت نے یکطرفہ طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کرکے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے اپنے بنیادی انسانی حقوق اور حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں مگر انہیں مسلسل ظلم، جبر، انسانی حقوق کی پامالیوں اور اظہارِ رائے پر پابندیوں کا سامنا ہے۔ یومِ استحصالِ کشمیر دنیا کی توجہ اس سنگین انسانی مسئلے کی جانب مبذول کرانے کا اہم موقع ہے۔ فاروق یوسف شیخ نے کہا کہ پاکستان کے عوام کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور ان کی منصفانہ جدوجہد کی بھرپور اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے عالمی برادری، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں اور کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق ان کا حقِ خودارادیت دلانے کے لیے عملی اقدامات اٹھائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ خطے میں پائیدار امن، استحکام اور معاشی ترقی کا انحصار مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پائیدار حل پر ہے۔ کاروباری برادری امن، مذاکرات اور باہمی احترام پر مبنی ماحول کو خطے کی ترقی کے لیے ناگزیر سمجھتی ہے۔آخر میں صدر چیمبر نے دعا کی کہ اللہ تعالی کشمیری عوام کو آزادی، امن اور خوشحالی سے نوازے تاکہ خطے میں جلد دیرپا امن قائم ہو۔اس موقع پر نائب صدر انجینئر عاصم منیر، سابق صدر رانا محمد سکندر اعظم خاں، ایگزیکٹو ممبرز محمد علی، مرزا زاہد اقبال، سابق سینئر نائب صدر میاں تنویر احمد، عبدالرحمن اور بزنس کمیونٹی کے علاوہ محکمہ سوشل ویلفیئر کے افسران بھی موجود تھے۔



