ایف پی سی سی آئی اور یونائٹڈ بزنس گروپ کی پاکستان اکنامک سمٹ 2026 پاکستان میں معاشی خوشحالی کی نوید ہے،پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فورم
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اگست2026ء) پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فورم (پی بی آئی ایف) اور آل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر، نیشنل بزنس گروپ پاکستان کے چیئرمین، ایف پی سی سی آئی پالیسی ایڈ

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اگست2026ء) پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فورم (پی بی آئی ایف) اور آل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر، نیشنل بزنس گروپ پاکستان کے چیئرمین، ایف پی سی سی آئی پالیسی ایڈوائزری بورڈ کے چیئرمین اور سابق صوبائی وزیر میاں زاہد حسین نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) اور یونائٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) کے زیر اہتمام منعقدہ پہلی **پاکستان اکنامک سمٹ 2026** کے کامیاب انعقاد کو ملکی معیشت کے لیے خوش آئند پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کانفرنس پاکستان میں معاشی خوشحالی، برآمدات کے فروغ اور قومی اقتصادی ایجنڈے پر اتفاقِ رائے کی نوید ہے۔ کاروباری برادری سے گفتگو کرتے ہوئے میاں زاہد حسین نے ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ، یونائیٹڈ بزنس گروپ کے پیٹرن اِن چیف ایس ایم تنویر، منتظمین، ملک بھر کے چیمبرز آف کامرس، تجارتی انجمنوں، شرکائ اور معاون اداروں کو کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں منعقد ہونے والی دو روزہ قومی اقتصادی کانفرنس نے ثابت کیا ہے کہ پاکستان کے تاجر، صنعت کار، برآمد کنندگان، سرمایہ کار، کاروباری خواتین، معاشی ماہرین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے نمائندے علاقائی اور شعبہ جاتی اختلافات سے بالاتر ہو کر قومی معیشت کی مضبوطی کے لیے متحد ہیں۔ ان کے مطابق چاروں صوبوں، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور ملک بھر کے اضلاع سے چیمبرز آف کامرس، وومن چیمبرز، سیکٹورل ایسوسی ایشنز، کارپوریٹ اداروں اور کاروباری برادری کی بھرپور شرکت نے اس تقریب کو حقیقی معنوں میں قومی حیثیت دی۔میاں زاہد حسین نے کہا کہ پاکستان اس وقت تک متوازن اور پائیدار معاشی ترقی حاصل نہیں کر سکتا جب تک ترقیاتی منصوبہ بندی، مالی وسائل اور انتظامی اختیارات وفاقی اور صوبائی دارالحکومتوں تک محدود رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ روزگار، صنعت، زراعت، تجارت، انفراسٹرکچر اور عوامی خدمات کا براہِ راست تعلق اضلاع اور یونین کونسلوں سے ہے، اس لیے ضلعی سطح پر معاشی خودمختاری ناگزیر ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ضلعی حکومتوں کے ساتھ یونین کونسلوں کو بھی مالی اور انتظامی اختیارات دیے جائیں تاکہ مقامی سطح پر مسائل کی مؤثر نشاندہی اور ان کے حل کے لیے مربوط ترقیاتی منصوبہ بندی ممکن ہو سکے۔ ان کے مطابق ضلعی خودمختاری کے ذریعے ٹیکس وصولی، سڑکوں، پانی، نکاسی آب، صحت، تعلیم، ہنرمندی، صنعتی زونز، زرعی سہولتوں اور ڈیجیٹل خدمات کی فراہمی کو زیادہ مؤثر بنایا جا سکتا ہے۔میاں زاہد حسین نے کہا کہ ضلعی معاشی خودمختاری کو آئینی تحفظ دیا جانا چاہیے تاکہ مالیاتی اختیارات، محصولات کی تقسیم، ادارہ جاتی تسلسل اور کارکردگی کے معیارات مستقل بنیادوں پر طے کیے جا سکیں۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ ہر ضلع میں ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او کے ساتھ ایک **ضلعی اقتصادی کمشنر** بھی مقرر کیا جائے، جو ضلعی اقتصادی سیکرٹریٹ کے ذریعے سرمایہ کاری، کاروباری سہولت، ویلیو ایڈیشن، برآمدات اور مقامی معاشی منصوبہ بندی کو فروغ دے۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی اقتصادی کمشنروں کو ایف پی سی سی آئی کے نیٹ ورک سے منسلک کیا جائے تاکہ مقامی مصنوعات کو قومی اور بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی دلائی جا سکے۔ ان کے مطابق ایف پی سی سی آئی عالمی تجارتی رجحانات، برآمدی مواقع اور سرمایہ کاری سے متعلق معلومات ضلعی چیمبرز اور کاروباری اداروں تک منتقل کر کے ملکی ایکسپورٹس میں اضافے میں مؤثر کردار ادا کر سکتی ہے۔میاں زاہد حسین نے کہا کہ مجوزہ ضلعی اقتصادی نظام کے ذریعے ملک کے تمام اضلاع کو برآمدات، ای کامرس، ویلیو ایڈیشن، سرمایہ کاری، جدت طرازی، روزگار کے مواقع اور قومی خوشحالی میں بھرپور کردار ادا کرنے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملکی برآمدات میں اضافے اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ایف پی سی سی آئی اپنا فعال کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی اور یونائٹڈ بزنس گروپ کی جانب سے منعقدہ پہلی پاکستان اکنامک سمٹ نے کاروباری برادری کو معاشی بحالی کے مشترکہ مقصد پر متحد کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے، اب ضرورت اس امر کی ہے کہ اس وژن کوڈسٹرکٹ اکانومی کے تصور کے تحت عملی قومی پالیسی کا حصہ بنایا جائے تاکہ پائیدار اور ہمہ گیر معاشی ترقی کی بنیاد رکھی جا سکے۔



