پاکستان بزنس فورم کا بہتر حکمرانی اور متوازن ترقی کے لیے نئے صوبوں پر قومی ریفرنڈم کروانے کا مطالبہ
ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 اگست2026ء) پاکستان بزنس فورم نے ملک میں بہتر طرزِ حکمرانی، متوازن علاقائی ترقی اور عوام کو مؤثر سرکاری خدمات کی فراہمی کے لیے نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر قومی سطح پر سنجیدہ مکالم

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 اگست2026ء) پاکستان بزنس فورم نے ملک میں بہتر طرزِ حکمرانی، متوازن علاقائی ترقی اور عوام کو مؤثر سرکاری خدمات کی فراہمی کے لیے نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر قومی سطح پر سنجیدہ مکالمے اور آئین کے مطابق ریفرنڈم کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔ پاکستان بزنس فورم کی سینئر قیادت نے جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں منعقدہ پہلے اکنامک سمٹ میں شرکت کی، جہاں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملک کو درپیش گورننس کے چیلنجز اور انتظامی امور پر اظہارِ خیال کیا۔ اس موقع پر پاکستان بزنس فورم نے اپنے مؤقف میں کہا کہ پاکستان کو درپیش انتظامی مسائل اس بات کے متقاضی ہیں کہ موجودہ انتظامی ڈھانچے کا ازسرِنو جائزہ لیا جائے تاکہ عوام کو زیادہ مؤثر، تیز رفتار اور معیاری سرکاری خدمات فراہم کی جا سکیں۔ فورم کے مطابق ملک کی آبادی میں مسلسل اضافے کے باعث تعلیم، صحت، روزگار، انصاف اور دیگر بنیادی سہولیات کی طلب میں بھی تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، جس کے پیشِ نظر مستقبل کی ضروریات کے مطابق انتظامی نظام تشکیل دینا ناگزیر ہو چکا ہے۔ اگر نئے انتظامی یونٹس یا صوبوں کے قیام سے حکمرانی کا نظام بہتر، ترقی کا عمل تیز اور عوام کو سہولیات کی فراہمی زیادہ مؤثر ہو سکتی ہے تو اس معاملے پر قومی سطح پر سنجیدگی سے غور ہونا چاہیے۔ پاکستان بزنس فورم نے تجویز دی کہ اس اہم قومی مسئلے پر آئین کے مطابق ریفرنڈم کرایا جائے تاکہ عوام خود فیصلہ کریں کہ ملک میں نئے صوبوں کا قیام وقت کی ضرورت ہے یا نہیں۔ فورم کا کہنا تھا کہ دنیا کے متعدد ممالک نے اپنی آبادی، جغرافیائی وسعت اور انتظامی ضروریات کے مطابق نئے انتظامی یونٹس قائم کیے یا اپنے صوبائی نظام کو مزید مضبوط بنایا۔ بھارت میں مختلف ادوار کے دوران نئی ریاستوں کے قیام کے ذریعے انتظامی کارکردگی بہتر بنانے کی کوشش کی گئی، جبکہ چین اور ایران جیسے ممالک بھی متعدد انتظامی اکائیوں کے ذریعے اپنے وسیع علاقوں اور آبادی کا مؤثر نظم و نسق چلا رہے ہیں۔ پاکستان بزنس فورم کی قیادت نے یہ بھی واضح کیا کہ نئے صوبوں کا معاملہ سیاسی یا لسانی بنیادوں پر نہیں بلکہ بہتر حکمرانی، معاشی ترقی، عوامی سہولت، سرمایہ کاری کے فروغ اور اختیارات کی مؤثر تقسیم کے تناظر میں دیکھا جانا چاہیے۔ اگر قومی ریفرنڈم میں عوام کی اکثریت نئے صوبوں کے حق میں فیصلہ دیتی ہے تو حکومت قومی اتفاقِ رائے اور آئینی تقاضوں کے مطابق اس پر عملی پیش رفت کرے۔ فورم کے مطابق مضبوط، جوابدہ اور عوام کے قریب انتظامی نظام ہی پاکستان کو پائیدار معاشی ترقی، روزگار کے نئے مواقع، سرمایہ کاری میں اضافے اور بروقت انصاف کی فراہمی کی جانب لے جا سکتا ہے۔ چیئرمین طلعت سہیل نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام کی تجویز پر غور کرتے ہوئے یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ کہیں اس سے وفاقی ڈھانچہ کمزور تو نہیں ہوگا اور کیا ملک کا موجودہ معاشی نظام نئے صوبوں کا مالی بوجھ اٹھانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان وفاقی اکائیوں سے مل کر بنا ہے اور صوبے اس ملک کے خالق تھے اس لیے اس حساس قومی معاملے پر ہر پہلو کا باریک بینی سے جائزہ لینا ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انتظامی یونٹس اور نئے صوبوں کے قیام میں واضح فرق ہے، اس لیے اس معاملے کا دیرپا اور قابلِ قبول حل صرف ایک قومی اور آزادانہ ریفرنڈم کے ذریعے ہی ممکن ہے، تاکہ پورے ملک کی رائے سامنے آ سکے اور مستقبل کا فیصلہ قومی اتفاقِ رائے سے کیا جائے نہ کے سیاسی بیان بازی سے۔



