اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اگست2026ء) ملک میں رواں سال جولائی کے دوران مہنگائی کی سالانہ شرح کم ہو کر 9.2 فیصد پر آگئی۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان کے مطابق جولائی 2026 میں صارف قیمت اشاریہ (کنزیومر پرائس انڈیکس) کی بنیاد پر سالانہ مہنگائی کی شرح رواں سال جون کی شرح 11.1 فیصد کے مقابلے میں کم ہو کر 9.2 فیصد رہ گئی۔پی بی ایس کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال جولائی 2025 میں سی پی آئی کی بنیاد پر مہنگائی کی شرح 4.1 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔ ماہانہ بنیاد پر جولائی 2026 میں مہنگائی میں 1.2 فیصد اضافہ ہوا جبکہ جون 2026 میں 0.3 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔ گزشتہ سال جولائی 2025 میں ماہانہ مہنگائی میں 2.9 فیصد اضافہ ہوا تھا۔شہری علاقوں میں سی پی آئی کی بنیاد پر سالانہ مہنگائی 8.7 فیصد رہی جو جون میں 11.2 فیصد جبکہ جولائی 2025 میں 4.4 فیصد ریکارڈ کی گئی ۔ ماہانہ بنیاد پر شہری مہنگائی میں 1.2 فیصد اضافہ ہوا جبکہ جون میں 0.5 فیصد کمی دیکھی گئی ۔ اسی طرح دیہی علاقوں میں سالانہ مہنگائی کی شرح 9.9 فیصد رہی جو رواں سال جون میں 10.9 فیصد جبکہ جولائی 2025 میں 3.5 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ ماہانہ بنیاد پر دیہی مہنگائی میں بھی 1.2 فیصد اضافہ ہوا جبکہ جون میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔دریں اثنا حساس قیمتوں کے اشاریے (ایس پی آئی) کی بنیاد پر سالانہ مہنگائی جولائی 2026 میں 12.0 فیصد رہی جو جون 2026 میں 12.8 فیصد جبکہ جولائی 2025 میں 0.9 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ ماہانہ بنیاد پر ایس پی آئی میں 2.4 فیصد اضافہ ہوا۔اسی طرح ہول سیل پرائس انڈیکس کی بنیاد پر سالانہ مہنگائی 9.4 فیصد ریکارڈ کی گئی جو جون 2026میں 10.7 فیصد ریکارڈ کی گئی جبکہ اس میں جولائی 2025 میں 0.5 فیصد کمی دیکھی گئی تاہم ماہانہ بنیاد پر جولائی میں ہول سیل مہنگائی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ۔نان فوڈ، نان انرجی (این ایف این ای) کی بنیاد پر شہری بنیادی مہنگائی سالانہ بنیاد پر 8.6 فیصد رہی جو جون 2026 میں 8.7 فیصد جبکہ جولائی 2025 میں 7.0 فیصد ریکارڈ کی گئی ۔ دوسری جانب دیہی بنیادی مہنگائی (نان فوڈ، نان انرجی) سالانہ بنیاد پر 8.1 فیصد رہی جو جون 2026 میں 7.9 فیصد اور جولائی 2025 میں بھی 8.1 فیصد ریکارڈ کی گئی۔