فہیم الرحمن سہگل کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد سوئٹزرلینڈ، فرانس اور جرمنی روانہ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 اگست2026ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فہیم الرحمن سہگل کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی تجارتی وفد یورپی ممالک سوئٹزرلینڈ، فرانس اور جرمنی کے اہم دورے پر روانہ ہ

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 اگست2026ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فہیم الرحمن سہگل کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی تجارتی وفد یورپی ممالک سوئٹزرلینڈ، فرانس اور جرمنی کے اہم دورے پر روانہ ہوگیا ہے۔ اس دورے کا مقصد پاکستان اور یورپی ممالک کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دینا، ملکی برآمدات میں اضافہ کرنا اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنا ہے۔ دورے کے دوران وفد مختلف کاروباری تنظیموں، چیمبرز آف کامرس، سرمایہ کاروں، صنعتی اداروں اور تجارتی ماہرین سے ملاقاتیں کرے گا۔ ان ملاقاتوں میں دوطرفہ تجارت کے فروغ، مشترکہ سرمایہ کاری کے امکانات، جدید صنعتی ٹیکنالوجی کے تبادلے، برآمدی شعبے کو درپیش چیلنجز اور باہمی تعاون کے نئے راستوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمن سہگل نے روانگی سے قبل اپنے بیان میں کہا کہ یورپی منڈیاں پاکستانی مصنوعات کے لیے بے پناہ امکانات رکھتی ہیں اور ان مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے مضبوط کاروباری روابط ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر مسلسل ایسے اقدامات کر رہا ہے جن کے ذریعے پاکستانی صنعت و تجارت کو عالمی سطح پر متعارف کرایا جا سکے اور مقامی کاروباری برادری کو نئی منڈیوں تک رسائی حاصل ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ اس دورے کے ذریعے پاکستان کی صنعتی، تجارتی اور برآمدی صلاحیتوں کو یورپی سرمایہ کاروں اور کاروباری حلقوں کے سامنے مؤثر انداز میں پیش کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی، صنعتی اشتراک اور مشترکہ منصوبوں کے ذریعے نہ صرف ملکی معیشت کو تقویت ملے گی بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔فہیم الرحمن سہگل نے اس امید کا اظہار کیا کہ وفد کی ملاقاتیں اور تجارتی سرگرمیاں مستقبل میں مضبوط کاروباری شراکت داریوں کی بنیاد بنیں گی، جس سے پاکستانی صنعتکاروں، برآمد کنندگان اور سرمایہ کاروں کو طویل المدتی فوائد حاصل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر ملکی اقتصادی ترقی، برآمدات کے فروغ اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے حصول کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا تاکہ پاکستان کی معیشت کو مزید مستحکم بنایا جا سکے۔



